سٹی42: کہا جا رہا ہے کہ پنجاب حکومت کے بیوروکریٹس نے سموگ کو خطرناک ترین عفریت قرار دے کر ڈیفرنٹلی ایبلڈ بچوں کو تین ماہ کے لئے سکول اور سوشل لائف سے محروم کر کے گھروں میں بند کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔
سٹی42 کی رپورٹر کومل اسلم نے بتایا
پنجاب کی صوبائی حکومت نے ڈیفرنٹلی ایبلڈ/ خصوصی بچوں کے تعلیمی اداروں میں تین ماہ کی چھٹیاں دے دیں۔
خصوصی بچوں کے سکول آج یکم نومبر سے 31 جنوری تک بند رہیں گے۔
بتایا گیا ہے کہ خصوصی بچوں کے تعلیمی اداروں میں تین ماہ کی چھٹیاں دینے کا فیصلہ فضا میں آلودگی کی شرح بڑھنے پر کیا گیا ہے۔
انوائرنمنٹل پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر عمران حمید شیخ نے سموگ کی وجہ سے خصوصی بچوں کے تعلیمی اداروں میں تین ماہ کی غیر معمولی چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
خصوصی بچوں کے تمام سکول یکم نومبر سے 31 جنوری2025 تک بند رہیں گے۔ احکامات تمام سرکاری و پرائیویٹ خصوصی تعلیمی اداروں کیلئے جاری کئے گئے ہیں۔ محکمہ خصوصی تعلیم کو چھٹیوں میں متبادل ذرائع آن لائن تعلیم کے انتظامات کا حکم دیا گیا ہے۔
خصوصی تعلیم کے سکولوں میں تعلیمی نصاب کی پڑھائی میں تین ماہ کا غیر معمولی تعطل اچانک آ جانے کے متعلق ڈی جی ماحولیات ڈاکٹر عمران حمید شیخ نے فرمان صادر کیا ہے کہ تعلیمی نصاب کو کور کرنے کیلئے آن لائن کلاسز کا اہتمام کیا جائے۔
سٹی42 کے رپورٹر جنید ریاض نے بتایا
اس سے پہلے محکمہ خصوصی تعلیم (سپیشل ایجوکیشن) کے صوبائی ڈیپارٹمنٹ نے اپنے ماتحت سپیشل ایجوکیشن اداروں کو ہدایات جاری کی تھیں کہ جو بچےبیمار ہیں ان کو سکول نہ بلایا جائے، ان کو چھٹیاں دے کر تندرست ہونے تک گھر پر رہنے کے لئے کہا جائے۔
سپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے مراسلےمیں لکھا گیا ہےکہ جو خصوصی طلبہ بیمار ہیں انکو سکول مت بلوایا جائے۔ بیمار بچوں کو اس وقت تک چھٹی پر رکھا جائے جب تک وہ صحت یاب نہ ہوجائیں۔ سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن نےہدایات پر عمل کروانے کیلئے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لاہور کو مراسلہ بھجوا دیا۔