ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیراعظم شہباز شریف کا امیر قطر کے ہمراہ منظر آرٹ گیلری کا دورہ

 وزیراعظم شہباز شریف کا امیر قطر کے ہمراہ منظر آرٹ گیلری کا دورہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک : وزیراعظم شہباز شریف نے امیر قطر عزت مآب شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے ہمراہ قطر میوزیم میں منظر آرٹ گیلری کا دورہ کیا ۔ 

وزیراعظم شہباز شریف اور امیر قطر نے اعلیٰ سطحی وفود اور دو طرفہ ملاقات کے بعد ایک ہی گاڑی میں دیوان امیر سے قطر میوزیم تک کا سفر طے کیا، امیر قطر نے شہباز شریف کو بذات خود پاکستانی فن پاروں کی نمائش "منظر" کا دورہ کرایا۔ دونوں ممالک کے راہنماؤں کے مابین غیر روایتی گرم جوشی دیکھنے میں آئی ۔ 

امیر قطر اور ان کی ہمشیرہ اور قطر میوزیم کی چیئرپرسن شیخہ المیاسہ بنت حمد بن خلیفہ الثانی نے غیر رسمی اور دوستانہ ماحول میں وزیراعظم کو نمائش میں موجود فن پارے دکھائے اور نمائش کے منتظمین اور پاکستانی فنکاروں سے تعارف کرایا۔ وزیراعظم نے امیر قطر اور ان کی ہمشیرہ کا منظر آرٹ گیلری کے انعقاد اور پاکستانی فنکاروں کی پزیرائی پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس نمائش کا انعقاد پوری پاکستانی قوم کے لیے باعث فخر ہے، قطر میوزیم میں پاکستانی فنپاروں پر مبنی منظر ارٹ گیلری کا قیام قطر اور پاکستان کے درمیان سماجی اور بھائی چارے کے مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتا ہے ۔ 

وزیراعظم نے دورے میں معروف پاکستانی آرکیٹیکٹ نئیر علی دادا، پاکستانی مصوروں، فوٹوگرافر، خطاط اور دیگر فن کاروں سے ملاقات کی ۔ 

نمائش میں 1940 سے لے کر اب تک کے پاکستانی مصوری، فوٹوگرافی, مجسمے اور دیگر فن پارے شامل ہیں۔ شاکر علی، صادقین، گل جی، زبیدہ آغا، کامل خان ممتاز، نئیر علی دادا اور متعدد پاکستانی فنکاروں کے فن پاروں کی نمائش کی گئی ہے۔