سکھ یاتریوں کیلئے پاکستان آمد پر کوئی ویزہ فیس نہیں ہوگی: وفاقی وزیر داخلہ

31 Oct, 2024 | 12:13 PM

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے سکھ یاتریوں کیلئے پاکستان آمد پر کوئی ویزہ فیس نہیں ہوگی، سکھ یاتریوں کو ایئرپورٹ پر آدھے گھنٹے میں ویزہ ملے گا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکا سے آئے سکھ یاتریوں کے 44 رکنی وفد نے ملاقات کی اور سٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں مہمان بنایا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ امریکی سکھ یاتریوں کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں، یو ایس پاسپورٹ رکھنے والے سکھ یاتریوں کیلئے پاکستان میں ویزہ آن آرائیول کی سہولت موجود ہے، ہم نے کسی کو مسئلہ نہیں ہونے دینا، چاہے سال میں 10 بار آئیں۔

انہوں نے کہا کہ سکھ یاتریوں کیلئے پاکستان آمد پر ویزہ کی کوئی فیس نہیں ہوگی، حسن ابدال، ننکانہ صاحب، کرتاپور کے علاوہ بھی کسی جگہ جانا چاہیں تو اوپن کریں گے، کچھ مسئلے اور مسائل ہیں ان کو بھی ختم کیا جائے گا، امریکا، کینیڈا اور یو کے پاسپورٹ رکھنے والی سکھ کمیونٹی آن لائن فارم جمع کرائے اور 30 منٹ میں ویزہ حاصل کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں یہاں سال میں 10 لاکھ سکھ یاتری آئیں، ہم نے 124ممالک کا ویزہ فری کردیا ہے، پاسپورٹ ہے آنکھیں بند کریں اور آجائیں۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ کرکٹ کیلئے جتنی بار آنا ہے آسکتے ہیں، چیمپئنز ٹرافی، پاکستان اور بھارت کے میچ پر بھی آئیں، ہم سکھ یاتریوں اور بھارت سے آنے والوں کے لئے الگ کوٹہ رکھ رہے ہیں، بھارت سے بھی بہت سارے لوگوں نے آنا ہے۔

مزیدخبریں