وزیراعظم شہباز شریف کے دورے سے قبل چین کا اہم فیصلہ

31 Oct, 2022 | 12:46 PM

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف کے دورے سے قبل چین نے اہم فیصلہ کیا ہے حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ چین پاکستان کو اضافی 50 کروڑ یو آن امداد دے گا۔

اے آر وائی نیوز کو حکومت ذرائع نے بتایا ہے کہ چین نے وزیراعظم شہباز شریف کے دورے سے قبل بڑا فیصلہ کرتے ہوئے پاکستان کو اضافی 50 کروڑ یو آن امداد دینے کا فیصلہ کیا ہے یہ اضافی رقم سیلاب زدہ علاقوں میں تعمیر نو کے لیے دی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چین نے اضافی ایمرجنسی معاونت کی پیشکش سے پاکستان کو آگاہ کر دیا ہے اور وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ چین میں اس حوالے سے ایم او یو پر دستخط کیے جائیں گے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ ستمبر2022 میں چین نے پاکستان کیلیے 30 کروڑ یو آن دینے کا اعلان کیا تھا، چین کی تعمیر نو کیلیے مجموعی رقم بڑھ کر80 کروڑ یو آن ہوجائے گی۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کل چین روانہ ہوں گے، یہ ان کا وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد چین کا  پہلا دورہ ہے، ان کے ہمراہ اعلیٰ سطحی وفد بھی چین جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف دورے کے دوران چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کریں گے اور دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے، اس دورے میں مفاہمت کی متعدد یاداشتوں اور معاہدات پر دستخط ہونے کا بھی امکان ہے۔اس سے قبل وزیراعظم سے چین کے صدر شی جن پنگ کی ازبکستان میں 16 ستمبرکو ملاقات ہوئی تھی۔

مزیدخبریں