ایاز صادق کے پیچھے کون ہے؟ شیخ رشید نے بتادیا

31 Oct, 2020 | 02:52 PM

Azhar Thiraj
Read more!

سعید احمد :وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ نوازشریف کی آشیرباد کے بغیر ایازصادق اس قسم کاغیرذمہ دارانہ بیان نہیں دے سکتے ، اپوزیشن غیرملکی ایجنڈے پر چل رہی ہے،سیاسی معاملات خطرناک ہوتے جا رہے ،20 فروری تک سب کچھ پتہ چل جائے گا۔

وزیر ریلوے شیخ رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ سیاست کو ریاست پر اہمیت دی جا رہی ہے،ملک میں سیاسی حالات کافی ابتر ہیں ،فوج ہی شدید حالات کے باوجود جمہوریت کی ضمانت ہے ۔ نوازشریف نے 6 آرمی چیف سے لڑائی کی، ڈی جی آئی ایس پی آر کوکہناپڑا فوج میں غم و غصہ پایاجاتا ہے،فوج سے متعلق جو کچھ کہا رہا ہے وہ غیر ملکی ایجنڈا ہے،20 فروری تک سب کچھ پتہ چل جائے گا،کوئی دسمبر اور کوئی جنوری کی بات کررہا ہے۔


شیخ رشید نے کہاکہ نوازشریف کی آشیرباد کے بغیر ایازصادق اس قسم کاغیرذمہ دارانہ بیان نہیں دے سکتے ،اگرسیاست سے لڑائی کرنی ہے تو عمران خان میدان میں ہیں،اگرریاست سے لڑائی کرنی ہے تو اس کے تنائج سنگین ہونگے ،سیاست سے لڑائی آپ کا حق ہے مگر ریاست سے لڑائی آپ کا حق نہیں ،انہوں نے کہاکہ اپوزیشن غیرملکی ایجنڈے پر چل رہی ہے،سیاسی معاملات خطرناک ہوتے جا رہے ،پاکستان پر غیرملکی ایجنڈے کے تحت سرمایہ کاری کی جارہی ہے،پاکستان میں اندر سے انتشار پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، انتشار سے یہ نہ ہو کہ سیاسی قوتوں کو پچھتانا پڑے۔


وزیر ریلوے نے کہاکہ دشمن ایاز صادق کے بیان پر شادیانے بجا رہے ہیں ،بھارت کو جو شکست ہوئی تھی وہ اس پر اپنے داغ دھو رہا ہے،ملکی سطح پر فضل الرحمن کی سیاست بڑی پارٹیوں کی مرہون منت ہے،بعض عقل کے اندھوں کو اندازہ نہیں سیاست کن خطرناک مراحل میں داخل ہو رہی ہے ،سیاست جس دوراہے میں داخل ہورہی ہے نتائج کچھ بھی نکل سکتے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان کہیں نہیں جا رہے،ملک مارشل لا کی طرف جا رہا ہے نہ عمران خان اسمبلیاں توڑ رہے ہیں ، پیپلزپارٹی ان حالات میں بہتری کی باتیں کررہی ہے،پاکستان کیخلاف ہندوستان کے جال سے ادارے آگاہ ہیں،ادارے ہندوستان کے آلہ کاروں سے بھی آگاہ ہیں۔
 
شیخ رشید نے کہاکہ آخرکار سیاست کا انجام ڈائیلاگ اور مشاورت ہے، عمران خان نے کہاکہ کرپشن کیسز سے ہٹ کروہ مشاورت کیلئے تیار ہیں،سیاستدانوں کو عقل کے ناخن لینے چاہئیں، حالات جس طرف جا رہے ہیں وہ خوش آئندنہیں،کوئی ذمے دار انسان اپنی افواج کیخلاف ایسی زبان استعمال نہیں کر سکتا،یہ بارودی سرنگوں پر پاﺅں رکھ کر چلنا اپنے لئے اعزاز سمجھتے ہیں ،انہیں ہزیمت اٹھانا پڑے گی ۔

مزیدخبریں