اب حمزہ شہباز کو عام مجرموں کی طرح ٹریٹ کیا جائے گا: فیاض الحسن چوہان

31 Oct, 2020 | 04:46 PM

Shazia Bashir

قذافی بٹ: وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان  نے کہا ہے کہ اب حمزہ شہباز کو عام مجرموں کی طرح ٹریٹ کیا جائے گا، حمزہ شہباز بکتر بند گاڑی کی بجائے شاید لیموزین، مرسیڈیز یا چارٹرڈ طیارے سے عدالت جانا چاہتے ہیں، حمزہ شہباز کا فرعونیت اور نمرودیت پر مبنی رویہ قابل مذمت ہے۔

       

وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے حمزہ شہباز کے عدالت میں پیش نہ ہونے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ حمزہ شہباز صاحب آپ اپنی ہیپی برتھ ڈے یا شالامار باغ کی سیر کو نہیں جا رہے، آپ کھربوں ڈالرز کی کرپشن، منی لانڈرنگ کے سرٹیفائیڈ ملزم اور مجرم ہیں۔

 

 انہوں نے کہا کہ رسی جل گئی پر بل نہیں گیا کے مصداق حمزہ شہباز کے نخرے اور ٹخ ٹلیاں ابھی تک ختم نہیں ہوئیں، موصوف دو سال سے وی وی آئی پی احتساب دیکھ رہے تھے، اب حقیقی احتساب کا مزہ چکھیں گے، اب انہیں ایک عام مجرم کی طرح ٹریٹ کیا جائے گا تو ان کے ہوش ٹھکانے آ جائیں گے۔

 

 انہوں نے کہا کہ کل بھی انکشاف کیا تھا کی شہباز شریف اور نواز شریف کی خاندانوں میں پھوٹ پڑ چکی ہے، بیگم صفدر اعوان گونگلوئوں سے مٹی جھاڑنے کے لیے شہباز شریف سے ایک دو روز میں ملاقات کریں گی  لیکن میری اطلاعات کے مطابق اس ملاقات کا حاصل وصول کچھ نہیں ہو گا۔ 

 

وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ عباس شریف، نواز شریف اور بیگم صفدر اعوان کے مامووں کے خاندانوں نے شہباز شریف فیملی کے خلاف ایکا کر لیا ہے، عوام کو شریف خاندان کی اندرونی چپقلش سے غرض نہیں ہمیں قوم کے لوٹے گئے اربوں روپے کی واپسی چاہیئے۔      

مزیدخبریں