لاہور میں شدید ٹریفک جام، شہری سڑکوں پر پھنس گئے

31 Oct, 2018 | 12:14 PM

Sughra Afzal

(سٹی 42) لاہور کے مختلف علاقوں میں بدترین ٹریفک جام نے ایک بار پھر زندہ دلان لاہور کو مشکل میں ڈال دیا۔ جیل روڈ، کینال روڈ، فیروز پور روڈ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں  لگ گئیں، محکمہ داخلہ نے لاہور سمیت  پنجاب بھر  میں دفعہ 144 نافذ کردی۔ 

تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت   لاہور کے مختلف علاقوں میں شدید ٹریفک جام ہے۔ لاہوریئے سڑکوں پر پھنس گئے ہیں، گاڑیوں کی اتنی لمبی قطاریں لگ گئیں ہیں کہ لوگ منٹوں کاسفرگھنٹوں میں طے کررہے ہیں۔  میٹرو بس اور ایل ٹی سی بس سروس غیر معینہ مدت کیلئے بند کردی گئی ہے جس کی وجہ سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

ذرائع کے مطابق چیئرنگ کراس، جیل روڈ، کینال روڈ، فیروز پور روڈ ، چونگی امر سدھو ، شاہدرہ چوک، بوٹامحل چوک، جی پی او چوک، قزلباش چوک ، خیابان چوک ، آواری چوک ، مال روڈ ، قرطبہ چوک ، اور بھوبتیاں چوک پر بدترین ٹریفک جام ہے، شاہ پور کانجراں پکا میل سٹاپ اور غازی روڈ  دونوں اطرف سے بند ہے۔

بھاٹی چوک ، داتا دربار اور اردو بازار بھی دونوں اطراف سے  بلاک ہے جبکہ ٹیکسالی چوک چاروں اطراف سے بند ہے،   قصور سے لاہور آنے والی اور بابو صابو سے شہر میں داخل ہونے والی ٹریفک بھی معطل ہے۔اسلام آباداورملتان سےآنیوالی ٹریفک موٹروےپرپھنس گئی ہے۔ پیربہادر شاہ،فیض پور انٹرچینج ،چوہنگ ملتان روڈ پر  بھی گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔ ریلوے سٹیشن پر ٹرین آپریشن بھی معطل ہوگیا۔

موبائل فون سروس معطل

محکمہ داخلہ پنجاب نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر موبائل فون سروس معطل کردی۔  مال رو ڈ اورگردونواح میں موبائل فون سروس بند کی گئی ہے، ابھی یہ نہیں بتایا گیا کہ موبائل فون سروس کب تک بحال کی جائے گی۔حالات کے پیش نظر پبلک سروس کمیشن اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے امتحانات بھی منسوخ کردیئے گئے ہیں۔

لاہور کی مارکیٹیں بند

شہر میں راستوں کی بندش اور احتجاج کے پیش نظر تاجر برادری نے تمام چھوٹی بڑی مارکیٹیں  اور پلازے بند کردیئے ، اعظم کلاتھ مارکیٹ ،بادامی باغ آٹو پارٹس مارکیٹ ،لوہا مارکیٹ مصری شاہ ،رنگ محل سوہا بازار ،موچی گیٹ کھلونا مارکیٹ ،انارکلی بازار ،بادامی باغ آٹو پارٹس مارکیٹ,اردو بازار ، گنپت روڈ پیپر مارکیٹ،پان منڈی انارکلی ،پلاسٹک دانہ مارکیٹ ،میڈیسن مارکیٹ سمیت سرکلر روڈ کے اطراف کی مارکیٹیں بھی بند کردی گئیں ہیں۔جس کی وجہ سے خریداری کی غرض سے آنے والے شہریوں کو خالی ہاتھ واپس لوٹنا پڑ رہا ہے۔

پنجاب میں 144 نافذ، رینجرز طلب 

محکمہ داخلہ پنجاب نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ کردی۔ جس کے تحت عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کردی گئی ہے،  5 یا  5 سے زائد افراد کے جمع ہونے پر  بھی پابندی لگا دی گئی ہے،اس کی خلاف ورزی کرنے والوں کو گرفتار کرنے کا حکم دیدیا گیا۔

دوسری جانب حکومت پنجاب نے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے  رینجرز کو طلب کرلیا، ذرائع کے مطابق رینجرز کو پنجاب کے تمام حساس مقامات پر تعینات کیا جائے گا۔

 سی ٹی او لاہور کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک نے  شہر کی مصروف شہراہوں پر وارڈنزکی اضافی نفری تعینات کردی ، جو ٹریفک کو متبادل راستوں سے گزار رہے ہیں،سی ٹی او نے   شہریوں کو  ڈائیورشن پوائنٹس پر موجود وارڈنز سے راہنمائی لیںے اور   ڈویژنل افسران کواپنی ڈویژنزکاوزٹ کرنےکی ہدایت کی ہے۔ 

موٹروے پولیس ترجمان کے مطابق ٹریفک کو متبادل راستوں پر موڑ دیا گیا،    لاہورسےملتان جانیوالےرائیونڈسےبراستہ چونیاں اوکاڑہ جائیں گے ، ساہیوال سےلاہورآنیوالی ٹریفک اوکاڑہ سےدیپال پورلاہورآئیں گے۔ شہری مزیدمعلومات کیلئےہیلپ لائن130پرکال کرسکتےہیں۔

 ویڈیو دیکھیں

مزیدخبریں