اویس کیانی: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ کاروبار میں آسانی کے حوالے سے پاکستان سنگل ونڈو کمپنی کا موجود ہونا خوش آئند ہے۔ پاکستان سنگل ونڈو کمپنی سے متعلق اجلاس میں وزیر اعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ پاکستان سنگل ونڈو کمپنی کا دائرہِ کار بڑھایا جائے ۔
انہوں نے کہا کہ چین کا سنگل ونڈو کا نظام ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔عوام کو شہری سہولیات کی فراہمی میں آسانی کے حوالے سے پاکستان سنگل ونڈو کمپنی کی طرز پر آپریشنز کا آغاز کرنے کی ضرورت ہے۔
اجلاس کو پاکستان سنگل ونڈو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے اس پروجیکٹ پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان سنگل ونڈو کے ذریعے ملک کی 65 فیصد تجارت مستفید ہو رہی ہے ۔ 11حکومتی ادارے اور 29 بینکس پاکستان سنگل ونڈو کے ساتھ منسلک ہیں۔
پاکستان سنگل ونڈو کمپنی کی اقوام متحدہ کے ڈیجیٹل اور سسٹینیبل ٹریڈ فیسیلیٹیشن سروے، 2022 گلوبل سروے میں درجہ بندی خطہ کے ممالک میں بہترین رہی۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب ، وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ اور دیگر اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی ۔