سرکاری قیمتوں کی پابندی، صحت و صفائی کے ٹاسک؛ مریم نواز نے ڈپٹی کمشنروں کی ترقی کو پرفارمنس سے مشروط کر دیا

31 May, 2024 | 08:54 PM

سٹی42: وزیر اعلیٰ مریم نواز نے  پنجاب کے تمام ڈپٹی کمشنرز کی پروموشن کارکردگی سے مشروط کرنے کا حکم دے دیا۔ 

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ضلعی انتظامیہ کو پنجاب  کے عوام کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے اور ڈپٹی کمشنروں کی ترقی کو ان کی پرائس کنٹرول، عوام کی فلاح کے منصوبوں اور دیگر ٹاسکس کے حوالے سے پرفارنمس کے ساتھ مشروط کرنے کی ہدایت جمعہ کے روز لاہور میں ایک اہم جائزہ اجلاس میں کی۔ اس اجلاس میں  صوبائی بیوروکریسی کے اہم افسران کے ساتھ صوبہ بھر کے کمشنروں اور ڈپٹی کمشنروں کو ویڈیو لنک کے ذریعہ شریک کیا گیا۔  
 وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں مقررہ نرخوں پر روٹی اور روٹی کی فروخت کے ساتھ ڈپٹی کمشنرز کی ترقی کو ان کی کارکردگی سے جوڑنے کی ہدایت کی اور کہا کہ مصنوعی مہنگائی کا سدباب ہماری ذمہ داری ہے۔

جمعہ کے روز  پرائس کنٹرول اور دیگر امور کا جائزہ لینے کے لیے خصوصی اجلاس میں مانیٹرنگ انڈیکیٹرز کے ذریعے ڈپٹی کمشنرز کی کارکردگی کی رپورٹ پیش کی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے نارووال، ننکانہ صاحب، حافظ آباد اور مری کے ڈپٹی کمشنرز کی کارکردگی کو سراہا اور انہیں شاباش دی۔

ڈپٹی کمشنرز کی پروموشن  کو ان کی کارکردگی سے مشروط کرنے کے اصولی فیصلہ کا اعلان کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ  امید ہے ہر ڈی سی کام کرے گا،  واضح فرق نظر آنا چاہیے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ پرائس مقرر ہونے کے بعد عملدرآمد ڈپٹی کمشنر کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ میں صحت اور صفائی کے ٹاسکس پورے کرنا بھی ڈپٹی کمشنروں کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صفائی کے انتظامات اور سروسز پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ ڈپٹی کمشنر کا ہروزٹ عوام کے لئے بہتری کا باعث ہونا چاہیے۔ ڈپٹی کمشنرزسپیشل ایجوکیشن سکولوں کا بھی ہفتہ وار وزٹ ضرور کریں۔

سکولوں کی خستہ حال عمارتوں کے بارے میں قبل از وقت رپورٹ پیش کرکے ان کی بروقت مرمت یقینی بنائی جائے۔

مریم نواز شریف نے ڈپٹی کمشنروں کو  صوبے بھر میں سٹریٹ لائٹ اور فلٹرییشن پلانٹ کے بارے میں باقاعدہ مانیٹرنگ کرنے کی بھی ہدایت کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈپٹی کمشنرز اپنے اضلاع میں خسرہ کی صورتحال کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کریں۔

 انہوں نے کہا، "امید ہے کہ ہر ڈپٹی کمشنر پیشہ ورانہ انداز میں اپنے فرائض سرانجام دے گا، اور ان کے کام میں واضح فرق نظر آئے گا۔ روٹی کی قیمت میں استحکام آنے تک نگرانی کا عمل جاری رہے گا۔ روٹی کے سائز اور وزن کے حوالے سے کوئی شکایت نہیں ہونی چاہیے۔ روٹی کی قیمت مقرر ہونے کے بعد عمل درآمد کو یقینی بنانا ڈپٹی کمشنر کی اولین ذمہ داری ہے۔

 صوبے بھر میں سٹریٹ لائٹس اور فلٹریشن پلانٹس کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے۔"ستھرا پنجاب" صوبے کے ہر شہر اور گاؤں کی صفائی کو اجاگر کرتا ہے۔ لاہور اور دیگر معاملات میں صفائی کے انتظامات میں بہتری آئی ہے اور اسے مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ صوبے سے مصنوعی مہنگائی کو ختم کرنا ہماری اولین ذمہ داری ہے۔
اجلاس میں سینیٹر پرویز رشید، وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری، معاون خصوصی ذیشان ملک، ایم پی اے ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری ساجد ظفر ڈال، کمشنر لاہور اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی جبکہ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی۔ 

مزیدخبریں