سٹی42: وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے مویشی منڈیوں میں قربانی کے جانور وں کی فروخت پر فیس عائد کرنے سے روک دیا۔انہوں نے عارضی مویشی منڈیوں میں صفائی کا خاص انتظام کرنے اور عید کے دنوں میں شہر وں کو مکمل صاف رکھنے کے لئے خصوصی تیاری کا حکم دے دیا۔
جمعہ کے روز لاہور میں پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت پرائس کنٹرول اور دیگر اہم امور کا جائزہ لینے کے لئے خصوصی اجلاس ہوا جس میں مریم نواز نے کہا کہ مویشی منڈیوں میں عید الاضحی پر قربانی کے لئے جانور فروخت کی غرض سے لانے والے بیوپاریوں سے کوئی فیس وصول نہ کی جائے۔
اس اجلاس میں صوبہ کے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ ہر شہر میں صرف مقررہ مقام پر ہی مویشی منڈی لگانے کی اجازت دی جائے۔
قیمتوں کا جائزہ
جمعہ کے روز اہم اجلاس میں مریم نواز نے صوبہ بھر میں قیمتوں خصوصاً روٹی اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے استحکام کا جائزہ لیا۔ سرکاری طور پر مقرر کئے گئے نرخ کوں پر عملدرآمد اور استحکام کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلی مریم نوازشریف نے صوبے بھر میں روٹی اور بریڈ کی مقررہ نرخ پر فروخت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری طور پر پرائس مقرر ہونے کے بعد عملدرآمد ڈپٹی کمشنر کی ذمہ داری ہے۔روٹی کے نرخ مستحکم ہونے تک مانیٹرنگ کا عمل جاری رکھا جائے۔روٹی کا سائز اور وزن کم ہونے کی شکایات نہیں ہونی چاہیے۔مصنوعی مہنگائی کا سدباب ہماری ذمہ داری ہے۔
اجلاس میں صوبہ میں جاری ڈویلپمنٹ سکیموں پر کام، شادی کے کھانے میں ون ڈش کی پابندی، تعلیم اور صحت کے حوالے سے کارکردگی کا جائزہ بھی لیا گیا۔
ہیٹ ویو کے دوران شہریوں کیلئے سہولیات
گرمی کی موجودہ صورتحال میں شہریوں کو ضروری سہولیات فراہم کرنے کے ضمن میں مریم نواز نے اہم ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں مریضوں کے ویٹنگ ایریا میں شیڈ بنائے جائیں اور پنکھے بھی نصب کئے جائیں۔ ہسپتالوں میں مریضوں اور تیمارداروں کو صاف پانی کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ ہسپتالوں میں مریضوں کے انتظار کا دورانیہ کم سے کم ہوناچاہیے۔
وزیراعلی مریم نوازشریف نے عوامی شکایات کے پیش نظر یہ بھی ہدایت کی کہ صوبہ بھر میں بچوں پر حملے کرنے والے آوارہ کتوں کو ہٹانے کی مہم جاری رکھی جائے۔
صوبہ میں صفائی کی صورتحال
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے صوبہ کی بیوروکریسی کو ہدایت کی کہ شہریوں کی شکایت سے پہلے ہی صفائی ستھرائی ہوجانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے کسی شہر یا دیہات میں گندے پانی کے جوہڑ کی موجودگی کی شکایت نا قابل قبول ہے۔
مریم نوازشریف نے ہدایت کی کہ شہروں اور دیہات میں سیوریج،ڈرینج اور صفائی سے متعلق دیگر مسائل حل کیے جائیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صفائی کے انتظامات اور سروسز پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر کا ہر وزٹ عوام کے لئے بہتری کا باعث ہونا چاہیے۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ستھرا پنجاب کا مطلب ہر شہر اور ہر گائوں کی صفائی ہے۔ لاہور کی صفائی اوردیگر صورت حال بہتر ہوئی ہے مزید بہتر بنائی جائے۔
مریم نواز نے عید کے دوران قربانی کے فوراً بعد شہروں میں صفائی کے خصوصی انتظامات کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عید پر قربانی کے بعد چند گھنٹوں میں شہر صاف ہونا چا ہیے۔
سپیشل ایجوکیشن سکولوں کی بھی سنی گئی
جمعہ کے روز ہونے والے اہم اجلاس میں مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنرزسپیشل ایجوکیشن سکولوں کا بھی ہفتہ وار وزٹ ضرور کریں۔ ان سکولوں کی خستہ حال عمارتوں کے بارے قبل از وقت رپورٹ پیش کرکے مرمت یقینی بنائی جائے۔
واٹر فلٹریشن پلانٹس اور سٹریٹ لائٹس کی مونیٹرنگ
مریم نواز شریف نے تمام کمشنروں اور ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت کی کہ صوبے بھر میں سٹریٹ لائٹ اور واٹر فلٹرییشن پلانٹ کے بارے میں باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے۔
خسرہ کی مونیٹرنگ اور ویکسی نیشن، کلینک آن وہیلز پروگرام کی نگرانی
مریم نواز شریف نے ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت کی کہ وہ دیگر کاموں کے ساتھ اپنے ضلع میں خسرہ کی صورتحال کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کریں۔خسرہ سے بچاؤ کے لئے جنگی بنیادوں پر ویکسی نیشن کی جائے۔
مریم نواز نے ہدایت کیی کہ فیلڈ ہسپتال اور کلینک آن ویل پروگرام کی مانیٹرگ کا عمل جاری رکھا جائے۔ مویشیوں کی شہروں میں آمد پر گانگو وائرس کے پیشگی سد باب کے لئے اقدامات کئے جائیں۔
مریم نواز شریف کی صدارت میں اس اجلاس میں سینیٹر پرویز رشید، وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہدبخاری،معاون خصوصی ذیشان ملک، ایم پی اے ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری زاہد اختر،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلی ساجد ظفر ڈال، کمشنر لاہور اور دیگر متعلقہ حکام بھی شریک تھے۔