چودھری پرویز الٰہی کا تحریک انصاف کو قومی اسمبلی سے استعفے واپس لینے کا مشورہ

31 May, 2022 | 02:13 PM

( مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ  (ق) کے  سینئر  رہنما چودھری پرویز  الٰہی نے پی ٹی آئی کو قومی اسمبلی سے استعفے واپس لینے کا مشورہ دے دیا۔

ذرائع  کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سینئر  رہنما   چودھری پرویز الٰہی نے  شاہ محمود قریشی سے ملاقات کے دوارن تحریک انصاف کو قومی اسمبلی سے استعفوں پر نظرثانی کا مشورہ دیا اور کہا ہے کہ استعفے واپس لے لیں تو بہتر ہے۔

چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پارلیمنٹ حکومت کے خلاف آواز بلند کرنے کا جمہوری فورم ہے، تحریک انصاف ایوان سے باہر آکر اپنے لیے مزید مشکلات پیدا کرے گی، تحریک اںصاف کو پارلیمان کے اندر اور باہر بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کرنا چاہیے۔

جواب میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ  آپ کے مشورے سے چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کو آگاہ کروں گا، پنجاب میں 20 حلقوں پر ضمنی انتخاب کے لیے چودھری پرویز الٰہی نے بھرپور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔

واضح رہےکہ گزشتہ روز اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پی ٹی آئی ارکان کو 6 جون کو استعفوں کی تصدیق کے لیے طلب کیا تاہم پی ٹی آئی قیادت نے اپنے ارکان قومی اسمبلی کو استعفوں کی تصدیق کے عمل میں شامل نہ ہونے کی ہدایت کردی۔ 
 

مزیدخبریں