ویب ڈیسک:29 مئی کو قتل کیے جانے والے بھارت کے معروف گلوکار سدھو موسے والا کی آخری رسومات کے دوران والدین اپنے جوان بیٹے کی لاش پر کئی دیر تک سوگ مناتے رہے۔
آنجہانی گلوکار سدھو موسے والا کی بھارتی پنجاب ضلع منسا کے گاؤں میں آخری رسومات ادا کی گئیں اور اس موقع پر بھارت سمیت پاکستان میں بھی سدھو موسے والا کا نام ٹاپ ٹرینڈ میں شامل ہے۔
سدھو موسے والا کی میت پر والدین کی متعدد جذباتی تصویریں اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں جس مییں گلوکار کی والدہ کو بیٹے کی موت پر اپنے شوہر کے آنسو صاف کرتے دیکھا گیا۔
واضح رہے کہ سدھو موسے والا کو اتوار کی شام گولیاں مار کر قتل کردیا گیا جب وہ بھارتی پنجاب سے اپنے لیے سیکیورٹی واپس لینے کی درخواست دینے جا رہے تھے جبکہ ان کے قتل سے ایک دن قبل ہی بھارتی ریاست پنجاب کی حکومت نے سدھو موسے والا سمیت 424 افراد کی سیکیورٹی واپس لی تھی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سنگھ سدھو موسے والا کا قاتل کینیڈا کا گینگسٹر ہے۔پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ سدھو موسے والا پر حملہ گینگ وار کا شاخسانہ لگتا ہے۔
پولیس کے مطابق کینیڈا کا لارنس بشنوئی گینگ اس قتل میں ملوث ہے، گینگ کے رکن لکی نے کینیڈا سے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
دوسری جانب سدھو موسے والا کی پوسٹ مارٹم رپورٹ منظر عام پر آ گئی ہے جس میں بتایا جارہا ہے کہ اتوار کی شام قتل کیے جانے والے سدھو موسے والا 2 درجن سے زائد گولیوں کا نشانہ بنے۔پوسٹ مارٹم کے دوران سدھو موسے والا کی لاش میں سے 25 گولیاں نکالی گئیں۔