سٹی 42: گھر کے بقایا جات نہ ملنے کا معاملہ، وزیر اعظم کو کال کرنے والی عائشہ کا مسلئہ حل ہو گیا۔ ڈیفنس میں خاتون کے گھر پر قبضہ خالی ہو گیا تھا لیکن بقیہ واجبات نہیں ملے تھے۔
تفصیلات کے مطابق سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے متاثرہ خاتون کے بقایا جات بھی دلوا دیئے۔عائشہ نے اپنا گھر ایس ایس پی زیشان اصغر کے بھائی عمران اصغر کو کرائے پر دے رکھا تھا۔گذشتہ ایک سال سے پولیس نے گھر خالی کروا دیا تھا لیکن گھر کے بقایا جات نہ دیے جاسکے تھے۔ سی سی پی او نے عائشہ بی بی کے چار لاکھ بہتر ہزار روپے واپس دلوا دیئے۔ عائشہ بی بی کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کو کال نہ کرتی تو شاید اب بھی پیسے نہ ملتے۔
واضح رہے گزشتہ روز عائشہ نامی خاتون نے کوئٹہ سے کال کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان سے گھر کا مسئلہ حل کروانے کی درخواست کی تھی، دوران کال خاتون آبدیدہ ہوگئی۔ خاتون کا کہنا تھا کہ گھر پر قبضہ چھڑوا دیا گیا لیکن ہم مقروض ہوگئے۔ سابق سی سی پی او عمر شیخ نے ہدایت دی تھی کہ میرا مسئلہ حل کرایا جائے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا ہمارے ملک کا سسٹم بہتر کرنے کی ضرورت ہے اس کے بغیر کچھ بھی ممکن نہیں ہے۔ مافیا قانون کے اوپر رہنا چاہتا ہے، جس ملک میں قانون کی حکمرانی نہ ہو وہ ملک ترقی نہیں کرسکتا۔ ساری اپوزیشن چاہتی ہے کہ ہم قانون سے بالا تر ہوں، ہم سے کوئی پوچھ گوچھ نہ کی جائے۔