ایک اور جج کورونا وائرس کا شکار

31 May, 2020 | 08:57 PM

Malik Sultan Awan

(ملک اشرف) لاہور کی عدالت کے ایک اور جج کورونا وائرس کا شکار ہوگیا، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاہور ابوبکر صدیق کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔
ایڈیشنل سیشن جج نے کورونا ٹیسٹ رپورٹ مثبت آنے پر سیشن جج کو آگاہ کر دیا ہے۔ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج قیصر نذیر بٹ نے ایڈیشنل سیشن جج کو قرنطینہ میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔اس سے قبل بھی لاہور کے ایک مجسٹریٹ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

ادھر یکم جون سے لاہور سمیت صوبہ بھر میں تمام نوعیت کے مقدمات کی سماعت شروع ہورہی ہے۔ڈسٹرکٹ اینڈسیشن جج قیصر نذیر بٹ کی جانب سے عدالتوں میں داخل ہونے والے وکلاء سمیت تمام افراد کیلئے ماسک پہننے، ہینڈ سینی ٹائزر کا استعمال،سماجی فاصلے سمیت دیگر احتیاطی تدابیرپر عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ہدایات دی گئی ہیں۔

دوسری جانب  پنجاب بھر میں لاہور کورونا وائرس سے سب سےزیادہ متاثر ہوا، شہر میں گزشتہ 78 روز کے دوران کورونا کے 12184مریض رپورٹ ہوئے، اب تک موذی وبا سے 188اموات ہوچکی ہیں،  پنجاب میں کورونا وائرس کے 952 نئے کیس سامنے آگئے،مصدقہ مریضوں کی مجموعی تعداد 25ہزار سے زائد ہو گئی۔
 ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرکے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس کے 952 نئے کیس رپورٹ ہونے سےمصدقہ مریضوں کی مجموعی تعداد 25056 ہو گئی ہے۔ شہروں میں لاہور سب سے زیادہ متاثر ہواہے جہاں 534نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔کورونا وائرس سے36 مزید اموات ہونے سے موذی وبا سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 475 ہو گئی ہے۔اب تک 233,685 افراد کے کورنا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ پنجاب میں کورونا وائرس کو شکست دیکر صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 6901ہے۔

محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرنےعوام سے گزارش ہے کہ حفاظتی تدابیر اختیار کرکے خود کو محفوظ بنائیں۔کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے پر فورا 1033 پر رابطہ کریں۔

مزیدخبریں