دورہ انگلینڈ ، قومی سکواڈ کے انتخاب کیلئے اجلاس طلب

31 May, 2020 | 07:05 PM

Malik Sultan Awan

(حافظ شہباز علی) قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ کیلئے ممکنہ کھلاڑیوں کا انتخاب کیلئے قومی سلیکشن کمیٹی کا اجلاس کل ہوگا، ،چیف سلیکٹر و ہیڈ کوچ مصباح الحق پی سی بی حکام سے کیمپ میں کھلاڑیوں کی حتمی تعداد کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

چیف سلیکٹر وہیڈ کوچ مصباح الحق نے سلیکشن کمیٹی کے اراکین سے رابطہ کرکے کھلاڑیوں کی فہرست مرتب کرنے کا کہا ہے۔ذرائع کے مطابق تمام سلیکٹرز کو اپنی فہرست تیار کرنے کا کہا گیا ہے،سینٹرل کنٹریکٹ سمیت ایمرجنگ کیٹیگری میں شامل 21کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ ٹیسٹ اور ٹی ٹونٹی سکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کے حوالے سے بھی رائے مانگی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق فوادعالم،عمر ان خان سینئر،محمد موسیٰ،خوشدل شاہ،عمادبٹ،محمد حفیظ،شعیب ملک،محمد عامر اور وہاب ریاض کے نامو ں پر بھی غور کیا جارہا ہے۔دورہ انگلینڈ کی تیاریوں کیلئے قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ کیلئے ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان بدھ کو متوقع ہے۔

یاد رہے اس سے قبل  قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر مصباح الحق کا کہنا تھا  کہ سرفراز احمد دورہ انگلینڈ میں قومی اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔ایک انٹرویو میں ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر نے کہا کہ دورہ انگلینڈ کے لیے متبادل طلب کرنے کا موقع نہیں ہوگا اس لیے تمام منتخب کرکٹرز کو ٹور کے اختتام تک ساتھ رہنا ہوگا، اسی لیے 25 سے 27 تک کھلاڑی ساتھ لیکر جائیں گے اس لیے دو وکٹ کیپرز کی بھی ضرورت ہوگی تاکہ ضرورت پڑنے پر کسی کو بھی میدان میں اتارسکیں۔مصباح الحق نے کہا کہ ظاہر ہے کہ سرفراز احمد بھی منتخب ہوں گے، وکٹ کیپر بیٹسمین فارم خراب ہونے کی وجہ سے دباؤ کا شکار تھے ان کو وقفہ دیا کہ بھرپور تیاری کیلیے بہترین انداز میں کم بیک کرسکیں، بلا شبہ انہوں نے اپنی فارم اور فٹنس پر بہت محنت کی ہے اور ہمارے پلان میں شامل ہیں۔

مزیدخبریں