سرکاری نرخنامہ نظرانداز،من پسند نرخوں پر سبزیاں فروخت

31 May, 2020 | 02:30 PM

Shazia Bashir

سعود بٹ: مکہ کالونی بازارمیں سبزیوں کے نرخ کم نہ ہو سکے، سرکاری نرخنامے پرعملدرآمد کی بجائےمن پسند نرخوں پر سبزیوں کی فروخت جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق مکہ کالونی بازار میں سرکاری نرخنامہ کی کھلے عام خلاف ورزی جاری ہے، 20 روپےکلو والے ٹماٹر کا ریٹ40 روپے فی کلو وصول کیا جا رہا ہے، جبکہ 150والا لیموں 280 روپےفی کلو میں فروخت ہوتا رہا، 100 روپےوالےمٹر120 میں ،37 روپے والی گاجر 50 روہے،60 والی شملہ مرچ 100 روپے، 18 والی پالک 40 روپے،40 والے کریلے 60 روپےفی کلو،320 والا ادرک 360 روپےمیں اور150 والے لہسن کا ریٹ 280 روپے فی کلو لگا یا گیا۔


خریداروں نےسرکاری نرخنامہ پرعملدرآمد نہ ہونے کا شکوہ کیا، شہریوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے باعث قوت خرید مسلسل متاثر ہو رہی ہے، سبزیوں کے نرخ کم کرانے کے لیےضلعی انتظامیہ اپنا کردار ادا کرے، ان کا  کہنا تھا کہ پیٹرول سستا ہونے کے باوجود اشیا خور ونوش پر اسکا اثر نہیں ہوا۔ شہریوں نےمزید کہا کہ حکومت صرف دعووں کے بجائےعملی اقدامات کرے۔

دوسری جانب  پنجاب میں مرغی کی قیمتوں کا بحران  بھی پیدا ہو گیا ہے، وزیر صنعت وتجارت  نے پولٹری ایسوسی ایشن کے وفد  سے ملاقات  کی اور طے کردہ نرخ سے زائد پر چکن کی فروخت پر اسلم اقبال نے ناراضگی کا اظہار کیا ان کا کہنا تھا کہ  ٹریڈرز کی جانب سے کمٹمنٹ پورا نہ کرنے پر افسوس ہے ، مہنگائی مافیا کو کسی صورت عوام کا استحصال نہیں کرنے دیں گے۔

واضح رہے کہ شہر میں مرغی کی قیمت کی پرواز تھم نہ سکی اور مرغی کا گوشت 350 روپے فی کلو میں ہی  فروخت ہورہا ہےجبکہ سرکاری نرخنامے کے مطابق مرغی کے گوشت کی  قیمت 260 روپے فی کلو مقرر کی گئی، لاہور  شہر میں  مرغی کا گوشت سرکاری نرخنامے کے مطابق آج بھی  فروخت نہ ہو سکا، قیمت میں کمی کی بجائے مارکیٹ میں مہنگا ہوگیا، پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن نے مرغی کی بڑھتی ہوئی قیمت کا ذمہ دار حکومت کو ٹھہرا دیا۔

 

مزیدخبریں