مال روڈ (زین مدنی ) شہر لاہور کی تھیٹر انڈسٹری سے وابستہ پرڈیوسرز فنکاروں تکنیک کاروں نے حکومت پنجاب سے تھیٹر کھولنے کے لئے ایک مرتبہ پھر اپیل کردی ہے اور کہا کہ یکم جون سے تھیٹر کھول دیئے جائیں تاکہ ڈھائی ماہ سے بے روز گار تھیٹر انڈسٹری کے فنکار اور تکنیک کار اپنے اپنے روزگار حاصل کر سکیں ۔ پرڈیوسر ارشد چوہدری،قیصر ثناءاللہ خان، اکبر بٹ ،علی جمشید سمیت نسیم وکی ، افتخار ٹھاکر امانت چن ناصر چنیوٹی اور دیگر نے حکومت سے تھیٹر کھولنے کی اپیل کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق تھیٹر سے وابستہ پرڈیوسرز ارشد چوہدری،قیصر ثناءاللہ خان، اکبر بٹ ، علی جمشید،سیف گورائیہ ،محمد یوسف ،چنگیز اعوان، سمیت اداکار نسیم وکی، ناصر چنیوٹی ،امانت چن، سردار کمال ، افتخار ٹھاکر ، طاہر انجم ،سرفرازو کی، شکیل چن ،اداکارہ خوشبو خان، آفرین پری،ہنی شہزادی، ندا چوہدری ،عالیہ بٹ ، سمیت دیگر نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ تھیٹر ہالز کو یکم جون سے ڈرامو ں کی نمائش کی اجازت دی جائے ۔
فنکاروں نے مطالبہ کیا کہ اگر حکومت انہیں بہترین ایس او پیز بنا کردے گی تو وہ اسی ایس او پیز کے مطابق ڈراموں کی نمائش کریں گے کیونکہ تھیٹر کھلنے سے ڈھائی ماہ سے بے روزگار فنکاروں تکنیک کاروں ٹیکنیشز اور دیگر تھیٹر عملے کو روزگار مل جائے گا ۔ فنکاروں نے کہا کہ اگر حکومت شاپنگ مالز ،بازار ،مارکیٹیس، ریسٹورنٹ کھول سکتی ہے تو انہیں تھیٹر بھی کھول دینا چاہیئے کیونکہ اس تھیٹر انڈسٹری سے ہزاروں افراد کا روزگار وابستہ ہے ۔
علا وہ ازیں تھیٹر ایکشن کمیٹی کے چیرمین قیصر ثناءاللہ خان کا کہنا ہے کہ حکومت کے تھیٹر کھولنے سے حکومت کو ہی فائدہ ہوگا کیونکہ اسے سے روزانہ کی بنیاد پر ٹیکس بھی حکومتی خزانے میں جمع ہو گا ۔ فنکاروں نے اپیل کی کہ ایس او پیز بنا کر یکم جون سے تھیٹر کھول دیئے جائیں