مال روڈ(علی اکبر ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کا اجلاس ہوا۔جس میں کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیاگیا۔اجلاس کے شرکاء نے کورونا وائرس سے بچاؤ کی تدابیر کیلئے تجاویز اور سفارشات پیش کیں اور پنجاب میں ایس او پیز کے مطابق مختلف اداروں کو کھولنے کے لئے وفاق کو سفارشات پیش کرنے پر اتفاق کیا ۔
اجلاس میں طے کیا گیاکہ مقامی طو رپر وینٹی لیٹر اور ریسپارائٹرکی تیاری کی اجازت کے لئے ڈریپ سے رجوع کیاجائے گا۔پارکس کھولنے کی تجویز کا جائزہ ،حتمی فیصلہ این سی اوسی کرے گا۔ تجارتی اداروں کے نئے اوقات کار اور 2دن تعطیل کا فیصلہ بھی این سی او سی کرے گا۔ میو اورجناح ہسپتال میں پلازما ڈونرز کی فہرستوں کی تیاری شروع کر دی گئی۔
ایکسپرٹ پروٹوکول کے تحت نازک حالت میں کورونا مریض کا پلازما سے علاج کیا جاسکے گا۔شہرمیں کورونا مریضوں کی نقل و حمل کے لئے سنٹرل کنٹرول روم میو ہسپتال میں بنایا جائے گا اور ڈاکٹر اسد اسلم سنٹرل کنٹرول روم کے آپریشن کمانڈر ہو ں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے وزیرریلویز شیخ رشید احمدنے بھی ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور، عمومی اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے وفاقی وزیر ریلویز شیخ رشید احمد کو کورونا سے بچاؤ کے لئے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بتایا کہ حکومت پنجاب کورونا کے خاتمے کے لئے تمام تر میسر وسائل بروئے کارلا رہی ہے۔عثمان بزدار نے کہاکہ کورونا سے بچنا ہی نہیں بلکہ اسے ہمیشہ کے لئے ختم کرنا چاہتے ہیں ۔وفاقی وزیرریلویز شیخ رشید احمدنے اس موقع پر کہاکہ کورونا سے بچاؤ کے لئے حکومت پنجاب کے بروقت اقدامات قابل تقلید ہیں ۔
باقی محض شور مچاتے رہے بزدار حکومت نے کورونا کے خاتمے کے لئے عملی اقدامات کئے۔ملاقات میں راولپنڈی شہر کے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیاگیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارنے مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے رہنما اور ممتاز عالم دین مولانا عبدالرشیدراشد ہزاروی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔وزیراعلیٰ نے فیصل آباد کے علاقے تاندلیانوالہ میں چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 3افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پردکھ اور افسوس کا اظہار کیاہے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں ۔ وزیراعلیٰ نے کمشنر فیصل آباد سے حادثے کے بارے میں رپورٹ طلب کر لی ۔