شہادت امام علی کی مجالس اور ماتمی جلوسوں کا سلسلہ جاری

31 Mar, 2024 | 04:11 AM

سٹی42:  پاکستان میں بھی شہادتِ امام علی کی تین روزہ مجالس جاری ہیں۔ لاہور، ملتان اور ملک کے کئی شہروں میں یومِ شہادت علی کے جلوس کل پیر کے روز  21  رمضان کو نکلیں گے۔  عالم اسلام میں 19 رمضان کو سیدنا علی علیہ السلام کی شہادت کا سوگ شروع ہو گیا تھا۔

ملتان میں آج شب  امام بارگاہ ابوزر غفاری سے شبِ ضربت کا جلوس نکالا گیا۔ جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ ابو زر غفاری مین واپس آ کر ختم ہوا۔ ملتان شہر میں گزشتہ روز کئی علاقوں سے ماتمی جلوس نکالے گئے۔

لاہور میں  یوم شہادتِ علی کا  مرکزی جلوس اندرون موچی دروازہ مبارک حویلی سے  کل پیر کے روز صبح نکلے گا۔  عزادار  کشمیری بازار میں سنہری مسجد کے باہرنماز ظہرین ادا کریں گے ،نماز کے بعد جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا  سیکورٹی کے سخت انتظامات میں نماز مغرب سے پہلے کربلا گامے شاہ پہنچ جائے گا۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں علامہ آغاسید محمد ابوالحسن موسوی کے زیر اہتمام امیر المومنین حضرت علی کی شہادت کی پہلی مجلس امام بارگاہ بیت الزہراسیکٹر آئی 8/4اسلام آباد میں جمعہ  کو  روزہ افطار کرنے کے بعد شروع ہو ئی۔ ھفتہ کو روزہ افطاری کے بعد دوسری مجلس ہوئی۔ آج اتوار کو  بعد از مغربین تیسری مجلس ہو گی۔   ان مجالس سے علامہ سید فراز حیدر کاظمی، ذاکر غلام فرید جعفر خطاب کر رہے ہیں۔  

 کراچی میں مسجد و امام بارگاہ شاہ کربلاء رضویہ سوسائٹی ناظم آباد میں شہادت حضرت علی ؑ کی مجلس آج  20رمضان کو   شب 9:30بجے منعقد ہو گی، مولانا شہنشاہ حسین نقوی مجلس سےخطاب کریں گے۔ آج   20رمضان کو جلوس علم و تابوت برآمد ہوگا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ جعفریہ گولیمار پر اختتام پذیر ہوگا ۔ خطیب اہلبیت ؑ علامہ شبیر الحسن طاہری  مجلس شہادت حضرت علی سے جامع مسجد مصطفیٰ عباس ٹاؤن ،میں شام5بجے ، اور سوا دس بجے ،جامع مسجد و امام بارگاہ باب النجف بفرزون میں شب8بجے ،مسجد و اما م بارگاہ آل عباء گلبرگ میں  شب9:15 پر خطاب کرینگے ۔

مزیدخبریں