سٹی 42 : پاکستان بار کونسل نے چیف جسٹس پاکستان سے فل کورٹ اجلاس بلانے کا مطالبہ کر دیا۔
پاکستان بار کونسل کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہاگیا ہے کہ سپریم کورٹ کا فل کورٹ اجلاس بلایا جائے اور اس اجلاس میں تمام اندرونی مسائل حل کئے جائیں،بار بار استدعا کی کہ اہم سیاسی معاملات پر فل کورٹ تشکیل دی جائے تا کہ عوام میں عدالت کا امیج برقرار رہے، موجودہ صورتحال تشویشناک ہے۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیاہے کہ عدلیہ ملک کا تیسرا ستون اور سپریم کورٹ ایک آئینی ادارہ ہے،معزز ججوں کے درمیان تفریق اس ادارے کیلئے بہتر نہیں ہے،موجودہ صورتحال میں پاکستان بار کونسل آل پارٹیز کانفرنس بلانے کیلئے تیار ہے، سیاسی جماعتیں اپنے موقف سے پیچھے ہٹ جائیں تاکہ ملک و قوم کیلئے بہتری ہو۔