ویب ڈیسک: قائد مسلم لیگ ن میاں محمدنوازشریف کا کہنا ہے کہ ملک کے ساتھ مذاق ہورہا ہے، ہمارے دور میں ڈالر105 روپے کا تھا۔
تفصیلات کے مطابق لندن میں میاں نوازشریف نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سب متفق ہے کہ انتخابات سے متعلق کیس پر فل کورٹ بنایاجائے. ہمیں فل کورٹ پر اعتماد ہے. 3 رکنی بینچ کیوں سماعت کررہا ہے؟ یہ قومی مسئلہ ہے کسی ٹرک یا ریڑھی والے کا معاملہ نہیں۔ملک تاریخ کے نازک ترین موڑ پر کھڑا ہے۔
نوازشریف نے کہا کہ عوام کھڑے ہوجائیں، ثاقب نثار اور دیگر سے پوچھیں نوازشریف کو کیوں نکالا؟۔قوم کو مقروض کردیا گیا، ایک ایک ڈالر کے لیے بھیک مانگنے پر مجبور ہیں۔
قائد مسلم لیگ ن نے کہا کہ پاکستان کو تباہی سے دوچار نہیں ہونے دیں گے، فل کورٹ بنائیں اس کا فیصلہ سب کو قبول ہوگا۔ ایک شخص کی خاطر اس طرح کے فیصلے کیے جارہے ہیں۔قوم کو انہی بینچز کے فیصلوں نے تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا۔
نوازشریف نے کہا کہ جسٹس شوکت صدیقی نے جو باتیں کیں ان کا نوٹس لیا گیا؟۔ چیف جسٹس کے آنسو اگر اللہ کے ڈر سے آئے ہیں تو اچھی بات ہے۔جو بینچ ہی قبول نہیں اس کا فیصلہ کیسے قبول ہوگا۔ کیا عمران خان کے لیے بینچ بنیں گے اور فیصلے ہوں گے۔