(ویب ڈیسک)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 12 واں اجلاس ، کابینہ نےوزیراعظم پاکستان اور پنجاب حکومت کی مفت آٹا سکیم میں مزید خاندانوں کو شامل کرنے کابڑا فیصلہ کر لیا۔نادرا میں رجسٹرڈ خاندانو ں کو بھی مفت آٹا دیاجائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کابینہ نے نادرا میں رجسٹرڈ خاندانوں کو مفت آٹے سکیم میں شامل کرنے کی منظوری دے دی، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرا م میں رجسٹرڈ ایک کروڑ 58لاکھ خاندانو ں کو پہلے ہی مفت آٹا فراہم کیاجارہاہے ۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے صوبائی وزراء اور سیکرٹریز کو فری آٹا ڈسٹری بیوشن سنٹرز کے دورے جاری رکھنے کی ہدایت کر دی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ صوبائی وزراء او رسیکرٹریز کی فری آٹا کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے کاوشیں لائق تحسین ہیں،آپ نے آئندہ بھی اسی محنت اور جذبے کے ساتھ سنٹرز کے دورے جاری رکھنے ہیں۔
پنجاب کابینہ نے پاسکو سے3لاکھ میٹرک ٹن مزید گندم لینے کی منظوری بھی دے دی،،پنجاب کابینہ نے عمران خان کی جانب سے ان پر مبینہ طورپر قاتلانہ حملوں کے الزامات کی تحقیقات کے لئے کمیشن کے قیام کی منظوری دے دی۔شوگر فیکٹریز کنٹرول ایکٹ 1950 میں ترامیم کی منظوری بھی دی گئی۔
پنجاب کابینہ نے بجلی کی ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کو متعلقہ صوبے کے حوالے کرنے کے حوالے سے ٹرانزیکشن ایڈوائزر تعینات کرنے کی منظوری دے دی ،محکمہ لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ میں سیاسی بنیادوں پر تعیناتیوں کو ڈی نوٹیفائی کرنے،پنجاب سوشل سکیورٹی ہیلتھ مینجمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں سیاسی تعیناتیوں کو ڈی نوٹیفائی کرنے،پنجاب میڈیم ٹرم مالیاتی فریم ورک (بجٹ سٹریٹجی) رولز 2023 کی منظوری سمیت پنجاب ان ڈیزائر ایبل کوآپریٹوسوسائٹی ایکٹ 1993میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔
بورڈ کی جائیداد پر قبضے پرسزا کے خلاف اپیل کاحق سیکرٹری کے علاوہ دوسری اتھارٹی کو دینے کا فیصلہ کیا گیا ،احساس راشن رعایت پروگرام کی بجائے فری آٹا ڈسٹری بیوشن پروگرام کی منظوری بھی دی گئی۔
شیخوپورہ، ٹوبہ ٹیگ سنگھ اور چنیوٹ کے اضلاع میں محکمہ سکولز ایجوکیشن کی ترقیاتی سکیموں کو مکمل کرنے کیلئے فنڈز کی از سر نو توثیق کی گئی،اجلاس میں پنجاب حکومت کے اکاؤنٹس برائے مالی سال 2017-18، 2018-19، 2019-20، 2020-21 اور 2021-22 کے بارے میں آڈٹ رپورٹس کی منظوری اور کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے پہلے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔
صوبائی وزراء، مشیران، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس اور متعلقہ حکام نے بھی اجلا س میں شرکت کی۔