(مانیٹرنگ ڈیسک) دھمکی آمیز خط کا معاملہ، وزیراعظم نے نیشنل سکیورٹی کمیٹی کا اہم اجلاس آج طلب کرلیا۔
وفاقی وزیر فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ نیشنل سکیورٹی کمیٹی کا اجلاس آج بعد دوپہر وزیر اعظم ہاؤس میں ہو گا، جس میں سیاسی اور عسکری قیادت شریک ہو گی، اجلاس میں خط کا مراسلہ رکھا جائے گا۔
علاوہ ازیں پارلیمان کی سکیورٹی کمیٹی کا اِن کیمرہ اجلاس آج شام 6 بجے طلب کیا گیا، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے حساس خط پر ان کیمرہ اجلاس کیلئے پارلیمانی لیڈرز کو دعوت بھی دیدی۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے ایک پیغام میں اسد قیصر نے کہا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے پارلیمانی رہنما اگر متفق ہو جائیں تو حساس خط کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کے ان کیمرہ اجلاس میں بات ہو سکتی ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے خفیہ خط کی تفصیلات سے متعلق کابینہ کو آگاہ کر دیا ، وزیراعظم نے کابینہ کو خط سے متعلق اعتماد میں لیا ، کابینہ ارکان نے وزیراعظم پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ، کابینہ ارکان کو خفیہ مراسلہ ٹیلی پرامٹر پر دکھایا گیا ۔
خیال رہے کہ 27 مارچ کو اسلام آباد میں پریڈ گراؤنڈ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے حکومت کے خلاف پیش کی گئی تحریک عدم اعتماد پر اپوزیشن پر الزام عائد کیا تھا کہ باہر سے پیسے لے کر حکومت گرانے کی کوشش کی جارہی ہے، ہمیں لکھ کر دھمکی دی گئی اور حکومت بدلنے کی کوشش باہر سے کی جارہی ہے۔