شہری ہوجائیں ہوشیار خبردار، اب ماسک نہ پہننے پر بھی چالان ہوگا

31 Mar, 2021 | 03:57 PM

Sughra Afzal
Read more!

(حسن خالد) شہری ہوجائیں ہوشیار خبردار،  ماسک نہ پہننے پر بھی اب چالان ہوگا، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سٹی ٹریفک پولیس نے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 6326 گاڑیوں، موٹرسائیکلوں کو چالان ٹکٹس جاری کردیئے۔

صوبائی دارالحکومت لاہور  میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہےجبکہ شہریوں کی طرف سے مسلسل غیر سنجیدگی اور لاپرواہی دیکھنے میں آرہی ہے۔کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے حکومتی مشینری متحرک ہوگئی، سٹی ٹریفک پولیس نے پبلک ٹرانسپورٹ میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 9 مقدمات درج کیے جبکہ 50 فیصد سے زائد سواریاں بٹھانے اور کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 46 گاڑیوں کو بند  کر دیا۔

ٹریفک پولیس نے حفاظتی ماسک استعمال نہ کرنے پر 4 ہزار 601 موٹرسائیکلوں، 700 رکشوں، 379 کاروں کو چالان ٹکٹ جاری کردیئے، اس دوران 483 پبلک ٹرانسپورٹ، 122 منی مزدا اور 95 ٹرالر کو چالان ٹکٹ جاری کیے گئے۔ 

سی ٹی او سید حماد عابد کے مطابق شہریوں کے تحفظ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے، چالان کا مقصد شہریوں کی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ کار میں بغیر ماسک ایک فرد کا چالان نہیں ہوگا، دو یا دو سے زائد افراد کیلئے ماسک ضروری ہے، موٹرسائیکل پر سنگل سوار ہونے کی صورت میں چالان نہیں ہوگا۔

واضح رہےکہ لاہور میں کورونا خطرناک حد کو چھونے لگا، کیسز کی شرح 27 فیصد ہوگئی، 24 گھنٹوں میں مزید 29 لاہورئیے موت کے منہ میں چلے گئے، 1 ہزار 627 وائرس کا شکار ہوگئے، سرکاری و پرائیویٹ ہسپتالوں میں 639 کورونا مریض داخل ہیں جن میں سے 176 کی حالت تشویشناک ہے۔

مزیدخبریں