"کورونا سے ڈرنا نہیں، لڑنا ہے" سلوگن تبدیل

31 Mar, 2021 | 01:35 PM

Sughra Afzal

(ملک اشرف) عدالتی حکم پر کورونا سے ڈرنا نہیں، لڑنا ہے، سلوگن تبدیل کر دیا گیا، وفاقی حکومت نے لاہور ہائیکورٹ میں جواب جمع کروادیا، نیا سلوگن ’’ کورونا ایک وبا ہے، احتیاط میں ہی شفا ہے، جاری کردیا گیا۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد قاسم خان نے شہری سلیمان کی درخواست پر سماعت کی، وفاقی حکومت کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل اسد علی باجوہ پیش ہوئے اور جواب جمع کرواتے ہوئے آگاہ کیا کہ وفاقی حکومت نے’’ کورونا سے ڈرنا نہیں لڑنا ہے‘‘ کا سلوگن تبدیل کر دیا ہے، " کورونا ایک وباء ہے، احتیاط ہی اس کی شفاء ہے" کا نیا سلوگن متعارف کروانے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

درخواستگزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا تھا کہ کورونا وائرس ہے جو اللہ پاک کی طرف سے آیا ہے، اس آفت سے بچنے کیلئے توبہ ہی واحد حل ہے، حکومت نے کورونا سے بچنے کیلئے اس کیساتھ لڑنے پر زو دیا ہے، خدا تعالٰی سے معافی مانگنے کی بجائے اس نعرے پر زور دیا جا رہا ہے۔ درخواستگزار کی جانب سے استدعا کی گئی تھی کہ عدالت کورونا سے ڈرنا نہیں لڑنا کے سلوگن کو غیر شرعی قرار دے۔

واضح رہےکہ لاہور میں کورونا خطرناک حد کو چھونے لگا، کیسز کی شرح 27 فیصد ہوگئی، 24 گھنٹوں میں مزید 29 لاہورئیے موت کے منہ میں چلے گئے، 1 ہزار 627 وائرس کا شکار ہوگئے سرکاری و پرائیویٹ ہسپتالوں میں 639 کورونا مریض داخل ہیں جن میں سے 176 کی حالت تشویشناک ہے۔

مزیدخبریں