(مانیٹرنگ ڈیسک) پاک بھارت تجارتی تعلقات کی بحالی کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں اور بھارت سے چینی، کپاس اور دھاگا درآمد کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزارت تجارت سمریاں منظوری کیلئے آج اقتصادی رابطہ کونسل (ای سی سی) میں پیش کرے گی۔ بھارت سے چینی ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) اور کمرشل درآمد کنندگان کے ذریعے درآمد کرنے کی تجویز ہے، اس وقت بھارت کے برآمدکنندگان ٹی سی پی کے ٹینڈرز میں حصہ نہیں لے سکتے کیونکہ بھارت کے برآمد کنندگان کی طرف سے ٹی سی پی کے ٹینڈرز میں حصہ لینے پر پابندی ہے۔
رپورٹ کے مطابق بھارت سے 30 جون2021 تک کپاس اور یارن(دھاگہ) درآمد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کو کمی پورا کرنے کیلئے کپاس درآمد کرنا پڑتی ہے، بھارت سے کپاس اور یارن کی درآمد سستی پڑے گی، کپاس کی پیداوار میں تاریخی کمی کے باعث یارن پر بھی دباؤ پڑا ہے۔واضح رہےکہ پاکستان نے اگست 2019 میں بھارت کے ساتھ دوطرفہ تجارت کو معطل کر دیا تھا۔
یادرہے کہ وزیراعظم عمران خان کو چند روز قبل بھارتی وزیراعظم مودی کا خط موصول ہواتھا جس میں نریندر مودی ان سے صحت کا حال احوال پوچھا اور ان کی صحت یابی کے لئے دعا کی تھی، گزشتہ رات وزیراعظم عمران خان نے جوابی خط مودی کو بھیج دیا،خط میں موقف اختیار کیا گیا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک سے پرامن اور تعاون پر مبنیٰ تعلقات چاہتے ہیں۔