ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیراعلیٰ کا دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنیوالوں کو رہا کرنے کا حکم

وزیراعلیٰ کا دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنیوالوں کو رہا کرنے کا حکم
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(علی اکبر) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والے تمام شہریوں کو رہا کرنے کا حکم دے دیا- وزیراعلی کا کہنا ہے کہ پنجاب انصاف امداد پروگرام آج سے شروع ہوگا-

تفصیلات کے مطابق کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بتایا کہ پنجاب انصاف امداد پروگرام کے تحت 25 لاکھ خاندانوں کو فی کس 4 ہزار روپے مالی امداد دی جائے گی جس کے لئے 10 ارب روپے مختص کئے جاچکے ہیں۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ انصاف امداد حاصل کرنے کے لئے فارم کے حصول اور جمع کروانے کے لئے کسی دفتر نہیں آنا پڑے گا بلکہ ایس ایم ایس /آن لائن اپلائی کیا جاسکے گا۔ پروگرام کو فول پروف اور کرپشن فری بنانے کے لئے کسی قسم کی سرکاری مداخلت نہیں ہوگی۔ امیدواران کے کوائف کی تصدیق کے بعد انہیں 4 ہزار روپے ادا کردئیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ محکمہ لوکل گورنمنٹ صوبہ بھر میں نمازیوں اور طلبہ کی صحت کے تحفظ کے لئے تمام مساجد اور مدارس میں جراثیم کش ادویات کا سپرے کرے گا- وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں 100 بیڈز پر مشتمل ایکسپو سنٹر فیلڈ ہسپتال کل سے فنکشنل ہوجائے گا-

وزیراعلیٰ نے کہا کہ کورونا کے خلاف جاری مہم میں برسرپیکار ڈاکٹرز، ہیلتھ پروفیشنلز، صحافی اور دیگر ڈیوٹیاں سرانجام دینے والے افسران میرے لئے قابل قدر ہیں میں ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ صورتحال کے پیش نظر پولیس میں فوری طور پر 10 ہزار سے زائد بھرتیاں کی جائیں گی۔ منظور شدہ خالی آسامیوں کو مرحلہ وار پر کیا جائے گا۔ پولیس کے انویسٹی گیشن اور آپریشنل امور کے لئے 25 کروڑ روپے فراہم کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 45 تھانوں کی زیرتعمیر عمارتیں مکمل کرکے فعال کی جائیں گی- 101 تھانوں کو سرکاری اراضی منتقل کرکے نئی عمارتیں تعمیر کی جائیں گی- پولیس کے خدمت مراکز کو دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کریں گے۔ پولیس کو پبلک فرینڈلی بنانے کے لئے تمام تراقدامات کریں گے۔