(قذافی بٹ) کورونا وائرس سے متاثر ہونیوالے دیہاڑی داروں کو ایزی پیسہ سے امدادی رقم دی جائے گی، امدادی رقوم کی فراہمی آئندہ ہفتے سے شروع کر دی جائے گی۔
پنجاب حکومت نے کورونا وائرس سے متاثر ہونیوالے دیہاڑی دار مزدوروں کو ایزی پیسہ کے ذریعے امدادی رقم دینے کا پروگرام بنالیا، دس ہزار سے کم بجلی کا بل آنے والوں کو 4 ہزار روپے ماہانہ دیئے جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت مستحق افراد کیلئے موبائل نمبر جاری کرے گی، ایس ایم ایس کے ذریعے مستحق افراد کی تفصیلات اکٹھی کی جائیں گی، مستحق افراد اپنا شناختی کارڈ نمبر جاری کردہ نمبر پر بھیجیں گے، مستحق افراد ایس ایم ایس پر اپنا موبائل فون نمبر بھی دیں گے, شناختی کارڈ نمبر کی مدد سے مستحق افراد کی تصدیق کی جائے گی، تصدیق کے بعد 4 ہزار کی رقم مستحق افراد کو ایزی پیسہ کے ذریعے بھیجی جائےگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ احساس پروگرام اور بیت المال سے امداد لینے والوں کی فہرست میں شامل افراد کو کورونا امداد نہیں دی جائے گی۔
خیال رہے کہ دنیا بھر میں تباہی پھیلانے والے کورونا وائرس نےپاکستان میں بھی ڈیرے ڈال لیے، ملک میں 154 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے سندھ میں 64،خیبرپختونخوا میں 29، پنجاب میں 47، اسلام آباد میں 8، گلگت بلتستان میں 5 اور بلوچستان میں 3 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے، نئے کیسز سامنے آنے کے بعد ملک میں متاثرہ مریضوں کی تعداد1752 ہو گئی۔
کورونا وائرس سے ملک بھر میں کل 24 اموات ہو چکی ہیں، اس وائرس سے پنجاب میں 9، سندھ میں 8، خیبر پختونخوا میں 5، گلگت بلتستان میں 2 اور بلوچستان میں ایک مریض زندگی کی بازی ہار چکا ہے۔