لیسکو کا گھریلو صارفین کو بڑا ریلیف دینے کا فیصلہ

31 Mar, 2020 | 12:30 PM

Sughra Afzal
Read more!

(شاہد ندیم سپرا) لیسکو نے کورونا وائرس کی وجہ سے شہر میں لاک ڈاؤن تک نادہندہ گھریلو صارفین کے کنکشن منقطع کرنے سے روک دیا۔

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے لیسکو نے گھریلو صارفین کو بڑا ریلیف دینے کا فیصلہ کر لیا ہے، لاک ڈاؤن تک بلوں کی عدم ادائیگی پر کنکشن منقطع نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، دو سے تین ماہ تک بل جمع نہ کروانے اور اقساط میں جمع کروانے والوں کے کنکشن بھی منقطع نہیں ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق موجودہ حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے لیسکو نے صارفین کو ریلیف دینے کا اعلان کیا، کیونکہ مزدور، دیہاڑی دار طبقہ اور تنخواہ دار افراد کو بلوں کی ادائیگی میں مشکلات کا سامنا ہے، ملکی حالات معمول پر آنے پر لیسکو کی جانب سے ریکوری مہم شروع کر کے بل وصول کئے جائیں گے۔

چیف فنانشل آفیسر لیسکو نے آپریشن ونگ کے افسران کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے جس میں لاک ڈاؤن تک کسی بھی صارف کی بجلی منقطع نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

واضح رہےکہ پاکستان میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے،  اب تک کورونا وائرس 24 افراد کی جانیں لے چکا ہے، ملک میں 156 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے سندھ میں 64،خیبرپختونخوا میں 29، پنجاب میں47،  اسلام آباد میں 8، گلگت بلتستان میں 5 اور بلوچستان میں 3 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے، نئے کیسز سامنے آنے کے بعد ملک میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 1752 ہو گئی۔

کورونا وائرس سے ملک بھر میں کل 24 اموات ہو چکی ہیں، اس وائرس سے پنجاب میں 9، سندھ میں 8، خیبر پختونخوا میں 5، گلگت بلتستان میں 2 اور بلوچستان میں ایک مریض زندگی کی بازی ہار چکا ہے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ  کورونا وائرس بخار سے شروع ہوتا ہے جس کے بعد خشک کھانسی آتی ہے، یہ  وائرس سانس کے ذریعے ایک سے دوسرے انسان میں منتقل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے، کورونا وائرس کی علامات میں سانس لینے میں دشواری، بخار، کھانسی اور نظام تنفس سے جڑی دیگر بیماریاں شامل ہیں۔

مزیدخبریں