لاہور میں کورونا کے حملے تیز، 130 افراد شکار بن گئے

31 Mar, 2020 | 11:37 AM

Sughra Afzal

(سٹی 42) چین کے صوبے ووہان سے جنم لینے والی خطرناک بیماری کورونا وائرس دنیا بھر میں تیزی سے پھیل رہی ہے، سپین اور ایران میں سینکڑوں ہلاکتوں کے نتیجے میں دنیا بھر میں انتقال کرنے والے افراد کی تعداد 36ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس نے پنجے گاڑ لیے

پاکستان میں بھی کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے،  ملک میں 156 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے سندھ میں 64،خیبرپختونخوا میں 29، پنجاب میں 47،  اسلام آباد میں 8، گلگت بلتستان میں 5 اور بلوچستان میں 3 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے، نئے کیسز سامنے آنے کے بعد ملک میں متاثرہ مریضوں کی تعداد1752 ہو گئی۔

کورونا وائرس سے ملک بھر میں کل 24 اموات ہو چکی ہیں، اس وائرس سے پنجاب میں 9، سندھ میں 8، خیبر پختونخوا میں 5، گلگت بلتستان میں 2 اور بلوچستان میں ایک مریض زندگی کی بازی ہار چکا ہے۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد658 ہوگئی

ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس سے 9  افراد موت کے منہ چلے گئے ہیں، لاہور میں مزید دو  افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی  ہے جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد130 ہوگئی،  ملک میں سب سے زیادہ کیسز  پنجاب میں سامنے آئے ہیں، پنجاب میں تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 658 تک پہنچ گئی، تمام کنفرم مریض آئسولیشن وارڈز میں داخل ہیں، مریضوں کو مکمل طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہے۔

ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر  نے ہدایت کی ہے کہ  گزشتہ 14 روز میں متاثرہ ممالک سے آنے یا کنفرم مریضوں سے ملنے والے افراد گھر میں آئسولیشن اختیار کریں،  آئسولیشن کے دوران علامات ظاہر ہونے کی صورت میں 1033 پر رابطہ کریں تاکہ محکمہ صحت کی ریپڈ رسپانس ٹیمیں مشتبہ مریض کو ہسپتال منتقل کر کے ٹیسٹ کروائیں۔

لاک ڈاؤن کا آٹھواں روز  

عالمی ادارہ صحت کی جانب سے عالمی سطح پر میڈیکل ایمرجنسی نافذ کر دی گئی تھی جس کے بعد ہر ملک کی جانب سے کورونا وائرس کو کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، پنجاب حکومت  کی جانب سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے لاہور سمیت صوبے بھر  میں 14 روز کیلئے لاک ڈاؤن کردیا گیا، آج لاک ڈاؤ ن کاآٹھواں روز ہے ، پنجاب کی مارکیٹیں، پلازے، سینما گھر،  شادی  ہالز تعلیمی ادارے سب بند ہیں، ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے، لوگ گھروں میں محصور ہیں۔

کورونا وائرس کی علامات کیا ہیں؟

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ  کورونا وائرس بخار سے شروع ہوتا ہے جس کے بعد خشک کھانسی آتی ہے، یہ  وائرس سانس کے ذریعے ایک سے دوسرے انسان میں منتقل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے، کورونا وائرس کی علامات میں سانس لینے میں دشواری، بخار، کھانسی اور نظام تنفس سے جڑی دیگر بیماریاں شامل ہیں۔

مزیدخبریں