کورونا وائرس کے باعث باکسنگ کھیل کی سرگرمیاں بھی رُک گئیں

31 Mar, 2020 | 09:28 AM

Sughra Afzal

 ( آن لائن ) دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وبا کے باعث باکسنگ کے کھیل کی سرگرمیاں بھی رک گئی ہیں۔

 پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل کرنل (ر) ناصر تنگ نے میڈیا کو بتایا کہ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے دوسری کھیلوں کی طرح عالمی باکسنگ چیمپئن شپ، ایشین باکسنگ چیمپئن شپ اور دیگر ممالک میں منعقد ہونے والے دوسرے انٹرنیشنل باکسنگ ایونٹس کے انعقاد پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ پاکستان باکسنگ فیڈریشن نے بھی ملک میں کورونا وائرس کے باعث اپنی تمام سرگرمیاں 15 اپریل تک معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بارے میں پاکستان باکسنگ فیڈریشن نے تمام متعلقہ صوبائی اور ریجنل ایسوسی ایشنز کو آگاہ کردیا ہے۔

ناصر تنگ نے عوام اور کھلاڑیوں پر زور دیتے ہوٓئے کہا کہ وہ غیر ضروری طور پر اپنے اپنے گھروں سے باہر نہ نکلیں اور کورونا وائرس کے حوالے حکومت کی جانب سے بتائی گئی احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں کیونکہ یہ ہی ہم سب کے مفاد میں ہے۔

 انہوں نے کھلاڑیوں پر بھی زور دیا ہے کہ وہ اپنی فزیکل فٹنس اور خوراک پر توجہ دیں تاکہ ان کو بعد میں اپنی پریکٹس کرنے میں زیادہ پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے، واضح رہے کہ عالمی باکسنگ چیمپئن شپ رواں سال مئی میں فرانس میں کھیلی جانی تھی جس میں پاکستان کے باکسر کا اولمپک گیمز کیلئے کوالیفائی کرنے کا آخری موقع ہے

مزیدخبریں