ہدایتکار ایس سلیمان کی طبیعت ناساز، ہسپتال منتقل

31 Mar, 2020 | 12:00 AM

(زین مدنی ) لالی وڈ انڈسٹری کے سینئر ہدایتکار ایس سلیمان کی طبیعت بگڑ گئی، انتہائی تشویش ناک حالت میں نیشنل ہسپتال ڈیفنس میں منتقل کردیا گیا۔ ایس سلیمان نے فلم انڈسٹری کو نامور فنکار اور سپرہٹ فلمیں دیں۔

اسی سالہ ایس سلیمان ایک عرصہ سے فالج اور ذیابیطس کے مرض میں مبتلا ہیں۔ حالت بگڑنے پر انھیں تشویش ناک حالت میں ہسپتال داخل کرایا گیا ہے۔

ایس سلیمان نے ساٹھ سے زائد فلموں کی ہدایت کاری کی جن میں اناڑی ، زینت ، باجی، اف یہ بیویاں، محبت، آگ، جسے جانتے نہیں، لوری، تیری صورت، میری آنکھیں اور انسانیت سمیت دیگر فلمیں شامل ہیں۔

ایس سلیمان کی فلم زینت پر ہی بھارتی فلم انڈسٹری نے فلم باغبان بنائی تھی۔ ایس سلیمان نے اداکارہ زیبا بیگم، غلام محی الدین، نجمہ بیگم اور بابرہ شریف سمیت متعدد فنکاروں کو فلم انڈسٹری میں متعارف کرایا۔

ایس سلیمان اس وقت کے مقبول ہدایتکار سید نور کے استاد بھی ہیں۔ ایس سلیمان اہل خانہ نے مداحوں سے ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی اپیل کی ہے۔

مزیدخبریں