(سٹی 42) عشقِ مجازی کی مختلف تشبیہات کو شاعرانہ انداز میں سمونے والے برصغیر پاک وہند کے عظیم صوفی بزرگ حضرت مادھولعل حسین کے عرس کی تقریبات آج دوسرے روز بھی جاری ہے، ملک بھر سے زائرین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے جبکہ مزار پر عقیدت مندوں کی دھمال نے سماں باندھ دیا۔
گزشتہ روز پنجابی شاعری میں قافیہ کے موجب، حضرت مادھولعل حسین کے 431 ویں عرس کی تین روزہ تقریبات کا آغاز صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور پیرسعیدالحسن نے چادر پوشی کیساتھ کیا،عرس کی تقریبات تین روز تک جاری رہیں گی۔
ہجر و فراق کی کیفیات کے اظہار کیلئےعورت کی پُرتاثیر زبان استعمال کرنیوالے صوفی بزرگ کے مزار کے احاطے میں کوئی دیئے جلا رہا ہے تو کوئی موم بتیاں روشن کررہا ہے، زائرین کی آمد کیساتھ ہی ہر طرف چراغاں ہی چراغاں ہوگیا۔
زائرین عرس کی تقریبات میں اپنے اپنےانداز میں شرکت کر رہے ہیں، کوئی گھنگھرو پہن کر آرہا ہے، تو کوئی ڈھول کی تھاپ پر دھمال ڈالے حاضری دے رہا ہے، مزار کے احاطےمیں کھانے پینےکی اشیاء کے سٹالزسمیت جھولے بھی لگائے گئے ہیں۔
عقیدت مندوں کا کہنا ہےکہ انہیں بزرگوں کی درگاہوں پر آکر دلی سکون ملتا ہے۔