(ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے چین کے نائب وزیراعظم ہی لی فینگ نے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سپہ سالار اور چینی نائب وزیراعظم کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر ہر شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ چین کے نائب وزیراعظم اس وقت پاکستان کے دورے پر ہیں، حکومت پاکستان کی جانب سے سی پیک کی دسویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کی دعوت پرہی لی فینگ نے پاکستان کا دورہ کیا ہے۔
اسلام آباد کنونشن سینٹر میں سی پیک کی دسویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی نائب وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک دونوں ملکوں کے درمیان ایک اہم منصوبہ ہے، اس منصوبے سے خطے میں سماجی ترقی کا دور شروع ہوا۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کے نئے دور کا آغاز ہے، سی پیک بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کا حصہ ہے۔
نائب چینی وزیراعظم نے کہا کہ پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند اور سمندروں سے گہری ہے، سی پیک کے تحت اربن ریلوے، فائبر آپٹک سمیت دیگر منصوبوں کو عملی جامہ پہنایا گیا۔