عرفان ملک : اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور نے بڑی کارروائی کے دوران انتہائی مطلوب انسانی سمگلر کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کےمطابق ملزم ساجد احمد کے خلاف اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور میں مقدمہ درج تھا۔ سب انسپکٹر کامران ذیشان کی سربراہی میں ٹیم نے انسانی سمگلنگ کے دھندے میں ملوث اشتہاری کو لاہور سے گرفتار کیا۔ ملزم کی گرفتاری کے لئے جدید ترین تکنیکی و تحقیقاتی وسائل کو بروئے کار لایا گیا۔
ملزم 2016 سے انسانی سمگلنگ اور ٹریفکنگ کے گھناونے جرم میں ملوث تھا، ملزم نے شہریوں سے غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھیجنے کے لیے رقوم وصول کیں۔ ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور زون سرفراز ورک کی ہدایت پر انتہائی مطلوب ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور ریاض خان نے اشتہاریوں کی گرفتاری کے لئے خصوصی اسکواڈ تشکیل دئیے ہیں۔انسانی سمگلنگ کے گھناونے جرم میں ملوث تمام اشتہاریوں کا ڈیٹا مرتب کیا گیا ہے۔ٹیمیں روزانہ کی بنیادوں پر چھاپہ مار کارروائیاں کر رہی ہیں۔