ویب ڈیسک:لاہورمیں کہیں ہلکی کہیں تیزبارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا، محکمہ موسمیات نے بارش کا نیا سلسلہ ہفتہ بھر جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔
بارش برسانے والے نظام نے اپنے رنگ ڈھنگ دکھانے شروع کردیے، لاہور میں کہیں ہلکی تو کہیں موسلا دھار بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ شہر میں باٹا پور،مناواں ،مال روڈ ،کینال روڈ ،ایبٹ روڈ ،گڑھی شاہو ،شملہ پہاڑی کے علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی جبکہ اندرون لاہور،شادباغ ،کینال بینک سکیم ،ہربنس پورہ ،داروغہ والا میں ہلکی بارش ہوئی۔
موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق اسلام آباد،راولپنڈی اور کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی کے ندی نالوں میں طغیانی اور نشیبی علاقے زیرآب آنے کا خطرہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے ہدایت کی ہے کہ مسافر اور سیاح موسمی حالات کومدنظررکھ کرسفرکریں اورسفرکے دوران مزیدمحتاط رہیں۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا، پنجاب، کشمیر، بلوچستان، زیریں سندھ اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات نے موسم کی موجودہ صورت حال ہفتہ بھر برقرار رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔