(زاہد چوہدری)لاہور میں ڈینگی کے خطرے کی گھنٹی،لاہور کے 788 مقامات سے ڈینگی لاروا ملا ہے،بارش کے باعث پانی جمع ہونے سے ڈینگی کا مرض پھیلنے کا خدشہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں ڈینگی کے خطرے کی گھنٹی بجادی،کورونا وائرس، بارشوں کی وجہ سے نظام زندگی متاثر ہوکررہ گیا، نشیبی علاقوں میں حالیہ بارشوں کے پانی کے کھڑا ہونے سے ڈینگی وائرس پھر جاگ گیا،گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران لاہور کے 788 مقامات سے ڈینگی لاروا برآمد ہوا،ڈینگی لاروا کی افزائش بڑھنے سے مرض پھیلنے کا خدشہ ہے،بارشوں سے شہر کے بیشتر علاقوں میں ڈینگی مچھروں کی افزائش کے ہاٹ سپاٹ بن گئے۔
دوسری جانب شہر میں کالے بادلوں نے موسم کا رنگ بدل دیا خوب ابر کرم برسا، جیل روڈ، شادمان جوہر ٹاؤن، مال روڈ، سمن آباد، گلشن روای،گلبرگ سمیت لاہور کے مختلف علاقوں میں ایک گھنٹہ تیز بارش ریکارڈ کی گئی، محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا دوسرا سپیل اگست میں پنجاب کا رخ کرے گا جبکہ دوسرے سپیل میں اچھی بارشیں ہوں گی۔
بارش کے بعد شہر کا موسم قدرے بہتر رہا، درجہ حرارت 35 ریکارڈ کیا گیا، آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہے گا،بارش کے باعث نکاسی آب کا نظام درہم برہم ہوگیا جس سے متعدد علاقے زیر آب آگئے اور ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔