(مانیٹرنگ ڈیسک) ضلعی انتظامیہ نے کورونا وائرس کی چوتھی لہر اور مثبت کیسز کی شرح میں تشویشناک اضافے کے پیش نظر لاہور کے 13 علاقوں میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈاﺅن لگانے کی تجویز دے دی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر زور پکڑنے لگی، لاہور میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 6.5 فیصد اور ملک بھر میں 8.46فیصد تک پہنچ گئی ،گزشتہ 24 گھنٹوں میں لاہور کے 9 گھرانوں کے چراغ گُل ہو گئے اور 298 نئے کیس رپورٹ ہوئے۔ لاہور میں کورونا کی بھارتی قسم (ڈیلٹا) کے بعد کیلیفورنیا کے ایپسیلون وائرس نےبھی سر اٹھالیا، کیلیفورنیا ایپسیلون وائرس کے5 کیسز سامنےآگئے،محکمہ پرائمری ہیلتھ کورونا کے تیزی سے پھیلنے والے ویرینٹ کا تعین کرنے میں ناکام ہوگیا۔
دوسری جانب لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے کورونا ہاٹ سپاٹ ایریاز ای ایم ای سوسائٹی،علامہ اقبال ٹاؤن،جوہرٹاؤن ایل بلاک،عزیزبھٹی ٹاؤن سی بلاک،گرین سٹی میں لاک ڈاؤن کی تجویز دیدی جبکہ دیگر علاقوں میں والٹن روڈ ، شامی روڈ،ساندہ ،گلشن راوی، اور مسلم ٹاﺅن شامل ہیں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ویکسی نیشن اور ایس او پیز پر عمل درآمد سے ہی کورونا سے بچاؤ ممکن ہے،شہری کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازے کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلا کربیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں، سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر ابھرے ہوئے ہوئے پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔