ویب ڈیسک: ملک بھر میں کورونا وائرس میں ایک بار پھر تیزی سے اضافہ، خصوصاً کراچی میں کورونا کی چوتھی لہر سے لوگ زیادہ متاثر ہورہے ہیں، ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا نے 65 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کی تشخیص کے لیے 58 ہزار 479 ٹیسٹ کیے گئے، جن میں سے 4 ہزار 950 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔
ملک میں اب تک کورونا کے مصدقہ مثبت کیسز کی تعداد 10 لاکھ 29 ہزار 811 ہوگئی ہے جن میں سے 9 لاکھ 40 ہزار164 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔ گزشتہ روز اس وبا نے مزید 65 افراد کی زندگیوں کو نگل لیا، اس طرح ملک میں اب تک کوروناسے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 23 ہزار 360 ہوگئی ہےجبکہ مثبت کیسز کی شرح 8.46 فیصد ریکارڈ ہوئی ہے۔
دوسری جانب لاہو میں کورونا مزید8 قیمتی زندگیاں نگل گیا، شہر میں کورونا مثبت کیسز کی شرح6.8ریکارڈ کی گئی جبکہ 24گھنٹوں میں کورونا کے330 نئے کیس رپورٹ ہوئے۔ شہر کی سینکڑوں مارکیٹس میں ایک بھی ویکسی نیشن سینٹر نہ بنایا جاسکا، مارکیٹ سےوابستہ لاکھوں افراد کی سہولت کیلئے ایک بھی سینٹر نہیں بنایا گیا جبکہ تاجر تنظیمیں بھی محکمہ صحت اورضلعی انتظامیہ کوقائل کرنے سے قاصر ہیں۔