گوشوارے جمع نہ کرانیوالے 12 ہزار ٹیکس گزاروں کو استثنیٰ

31 Jul, 2020 | 11:33 AM

Shazia Bashir

موج دریاروڈ (رضوان نقوی)وفاقی ٹیکس محتسب کا ٹیکس گزاروں کے حق میں بڑا فیصلہ،سال 2019ء میں اثاثہ جات ظاہر کرنے کی ایمنسٹی سکیم کے تحت اثاثے ظاہر کرنے کے باوجود گوشوارے جمع نہ کروانے والے 12ہزار ٹیکس گزاروں کی سْنی گئی،ہرقسم کی قانونی کارروائی سے استثنیٰ مل گیا۔

تین جولائی 2019 کو ایف بی آر کے سسٹم کی خامیوں کی وجہ ایمنسٹی سکیم کے تحت اثاثہ جات ظاہر کرنے والے 12ہزار افراد بروقت گوشوارے جمع نہیں کرواسکے تھے۔وفاقی ٹیکس محتسب نے پاکستان ٹیکس بار اور لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کی درخواست پر ایسٹ ڈیکلیئریشن سکیم کے معاملہ پر سوموٹو نوٹس لیا تھا۔

وفاقی ٹیکس محتسب مشتاق سکھیرا نے ایسٹ ڈکلیئریشن سکیم کے تحت اربوں روپے کا ٹیکس جمع کرانے والے 12ہزار ٹیکس دہندگان کے حق میں فیصلہ سنا دیا ہے۔فیصلہ کے مطابق12ہزار کیسز کی ریٹرن جمع ہونگی اور ہرقسم کی قانونی کارروائی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔وفاقی ٹیکس محتسب نے ایف بی آر کو اپنے آئی ٹی سسٹم کی استعداد کار بڑھانے کی ہدایت کردی ہے۔

وفاقی ٹیکس محتسب کے فیصلہ پرپاکستان ٹیکس بار کے پیٹرن عبدالقادرمیمن، صدرآفتاب ناگرہ،صدر لاہور ٹیکس بار خرم شہباز بٹ،جنرل سیکرٹری پاکستان ٹیکس بار فرحان شہزاد اورسینئر نائب صدر قاری حبیب الرحمٰن زبیری نے وفاقی ٹیکس محتسب کے فیصلہ پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلہ سے ٹیکس گزاروں کا اعتماد بحال ہوگا۔

مزیدخبریں