ایل ڈی اے کا 58 ارب 60 کروڑ روپے کا بجٹ منظور

31 Jul, 2020 | 10:30 AM

Sughra Afzal

جوہرٹاؤن (درنایاب) ایل ڈ ی اے کی گورننگ باڈی نے مالی سال -21ء  کیلئے  58 ارب 61 کروڑ روپے کا بجٹ منظور کرلیا۔

  لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی کا بجٹ اجلاس وائس چیئرمین ایس ایم عمران کی زیرصدارت ہوا، ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے احمد عزیزتارڑ نے بریفنگ دی، اجلاس میں قصور سے رکن صوبائی اسمبلی ملک مختار احمد، ننکانہ صاحب سے محمد عاطف، وائس چیئرمین واسا امتیاز محمود، انجینئرعامر ریاض قریشی، ہاؤسنگ، بلدیات فنانس، پی اینڈ ڈی اور کمشنر لاہور کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں بجٹ متفقہ طور پر بجٹ منظور کرلیا گیا،  اخراجات کا تخمینہ 53 ارب  12کروڑ روپے جبکہ ترقیاتی کاموں پر 32 ارب 45 کروڑ روپے سے زیادہ خرچ کیے جائیں گے، اپارٹمنٹس کی تعمیر کیلئے 3ارب، ایل ڈی اے سٹی سکیم کیلئے 8 ارب، اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے اور دیگر متعلقہ کاموں کیلئے 7 ارب 9 کروڑ مختص کیے گئے ہیں۔

لاہورڈویژن کے ماسٹر پلان کی تیاری پر 50 کروڑ اور واسا ترقیاتی منصوبوں پر 6 ارب 44 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے، یو ڈی ونگ کو مجموعی طور پر 39 ارب  52 کروڑ روپے کے وسائل دستیاب ہوں گے۔ 25 ارب  87 کروڑ روپے ترقیاتی کاموں پر خرچ کیے جائیں گے۔

رہائشی سکیموں میں ترقیاتی کاموں پر  8 ارب  74 کروڑ روپے، 40 کروڑ روپے ایل ڈی اے ایونیو ون، 3 کروڑ 50 لاکھ روپے فنانس اینڈ ٹریڈ سنٹرجوہر ٹاؤن میں سڑکوں اور واٹر سپلائی پرخرچ ہوں گے۔

سیوریج کے منصوبوں پر 8 ارب 16 کروڑ روپے خرچ ہوں گے، مختلف عمارتوں کیلئے مجموعی طو پر 3 ارب  43 کروڑ  18 لاکھ روپے مختص کیے گئے، ترقیاتی سکیموں پر 3 ارب روپے سے زائد، گرین لاہور کیلئے 15 کروڑ ، ایل ڈی اے کیلئے اینٹی گریٹڈ کمپیوٹرائزڈ سسٹم پر 13  کروڑ  62 لاکھ روپے خرچ ہوں گے۔

 شہر میں مختلف مقامات پرپل تعمیر کرنے پر  10 کروڑ روپے، پہلے سے جاری ترجیحی کاموں کیلئے 31 کروڑ روپے اور ایریا ڈویلپمنٹ پروگرام کیلئے ایک ارب 67 کروڑ روپے رکھے گئے۔

ایل ڈی اے کی پہلے سے جاری سکیمیں مکمل کرنے کیلئے دو ارب 11 کروڑروپے خرچ کیے جائیں گے،  فردوس مارکیٹ انڈر پاس کی تعمیر کیلئے 97 کروڑ روپے، جوہر ٹاؤن میں انٹرٹینمنٹ پارک کیلئے 33 کروڑ، واک اینڈ شاپ ارینا کی تعمیر پر 45 کروڑ روپے، سٹرکچر پلان روڈز کے غیر تعمیر شدہ حصوں کی تعمیر کیلئے 20 کروڑ روپے اور کینال روڈ پرانڈر پاسز کی ری ماڈلنگ کیلئے ایک کروڑ 70 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

اک موریہ پل کے توسیعی منصوبے پر8 کروڑ روپے، زیر تعمیر 11 سپورٹس کمپلیکس کیلئے  13 کروڑروپے خرچ کیے جائیں گے، واسا کو نئے مالی سال کے دوران 17 ارب 98 کروڑ 36 لاکھ روپے کے وسائل دستیاب ہوں گے۔

فر اہمی و نکاسی آب کے ترقیاتی منصوبوں پر 6 ارب 44 کروڑ 50 لاکھ روپے خرچ کیے جائیں گے، ٹیپا کو مجموعی طور پر ایک ارب  11 کروڑ 32 لاکھ روپے کے وسائل دستیاب ہوں گے، اخراجا ت کا تخمینہ 43 کروڑ 84 لاکھ روپے ہے، ترقیاتی منصوبوں پر خرچ ہونے والی رقم 13 کروڑ 86 لاکھ روپے ہے۔

 

مزیدخبریں