سٹی 42 : ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل ایبٹ آباد نے کارروائی کے دوران کرپشن میں ملوث محکمہ ڈاک کا ملازم گرفتار کرلیا ۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم کی شناخت محمد فیاض کے نام سے ہوئی، ملزم کو چھاپہ مار کارروائی میں کالا باغ جنسا ضلع ایبٹ آباد سے گرفتار کیا گیا ۔ ملزم کے خلاف سال 2023 میں مقدمہ درج ہوا تھا، ملزم کی گرفتاری، خصوصی عدالت سینٹرل اینٹی کرپشن اینڈ امیگریشن ہزارہ ایبٹ آباد سے ضمانت قبل از گرفتاری مسترد ہونے پر عمل میں لائی گئی۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم محکمہ ڈاک میں بطور پوسٹ ماسٹر تعینات تھا، ملزم نے ایوبیہ اور نتھیا گلی میں تعیناتی کے دوران 33 لاکھ روپے سے زائد کی رقم خرد برد کی، ملزم نے بوگس منی آرڈر جاری کیے اور پیشن پیمنٹس میں بھی خرد برد کی۔
ملزم کے خلاف اس سے قبل بھی 31 لاکھ روپے کی بدعنوانیوں کے حوالے سے انکوائری درج ہے، آڈٹ رپورٹ میں کرپشن کے شواہد سامنے آنے کے بعد ملزم بیرون ملک فرار ہو گیا تھا۔