وقاص احمد: انچارج انویسٹی گیشن تھانہ نولکھا، محمد جاوید کی پولیس ٹیم نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے پیشہ ور متحرک پٹھان ڈکیت گینگ کے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان سے شہریوں سے چھینے گئے موبائل فونز، لاکھوں روپے نقدی اور ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے۔ انچارج انویسٹی گیشن محمد جاوید نے بتایا کہ ملزمان گن پوائنٹ پر شہریوں کو لوٹ کر فرار ہو جاتے تھے۔ گرفتار ہونے والے ملزمان میں گینگ کا سرغنہ غیاث خان اور اس کا ساتھی عبدالوقار شامل ہیں۔
تفتیش کے دوران ملزمان نے شہر کے مختلف علاقوں میں اس نوعیت کی متعدد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور ہیومین انٹیلیجنس کی مدد سے ان ملزمان کو گرفتار کیا۔
انچارج انویسٹی گیشن محمد جاوید نے کہا کہ پولیس پراسیکیوشن پارٹنر شپ کی مدد سے گرفتار ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
دوسری جانب ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید نے پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور انہیں تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔