سٹی42: محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں آج 31جنوری سے یکم فروری کے درمیان بارش نوید سنا ئی ہے۔
شہر لاہور میں موسم تروتازہ اور دھوپ سے خوشگوار ہے، آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔محکمہ موسمیت کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 61 فیصد رہا۔ فضائی آلودگی کے اعتبار سے لاہور آلودہ شہروں کی فہرست میں پانچویں نمبر پر آگیا، جہاں ائیر کوالٹی انڈیکس (AQI) کی مجموعی شرح 182 ریکارڈ کی گئی۔ مختلف مقامات پر فضائی آلودگی کی شرح میں کمی بیشی دیکھنے کو ملی، امریکی قونصلیٹ میں AQI 342، جوہر ٹاؤن میں 230، سید مراتب علی روڈ پر 156، شاہراہ قائداعظم پر 175، کوٹ لکھپت میں 248 اور غازی روڈ انٹرچینج پر 193 ریکارڈ کی گئی۔
کراچی کے موسم میں ایک نئی انگڑائی، پل پل بدلتی ہواؤں نے شہریوں کو سردی کے لیے تیار رہنے کا اشارہ دے دیا۔ شہر میں سردی کی شدت ایک بار پھر بڑھ گئی ہے .محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو روز تک درجہ حرارت میں ایک سے دو ڈگری کی کمی متوقع ہے۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، کم سے کم درجہ حرارت 9 سے 10 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ ہونے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 33 فیصد ہے اور شمال مشرق کی سمت سے 11 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔ کراچی کا فضائی معیار بدستور مضر صحت قرار دیا گیا ہے، اے کیو آئی (Air Quality Index) کے مطابق شہر دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں بائیسویں نمبر پر موجود ہے۔ پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی چھٹے نمبر پر ہے، اور ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 118 پرٹیکیولیٹ میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق آج 31 جنوری سے یکم فروری کے درمیان بارش برسانے والا سسٹم پاکستان میں داخل ہوگا، بارش کی وجہ سے ٹھنڈک میں اضافہ ہوگا ۔مری، گلیات اور گرد و نواح میں رات کے اوقات میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ بارش اور بر فبا ری کا امکان ہے۔ اس دوران راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔
اسلام آباد اور گردونواح میں بھی موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ مری، گلیات اور ان کے گردونواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ ہلکی بارش یا برفباری کا امکان ہے۔
سندھ اور بلوچستان کے زیادہ تر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو موسم کے مطابق احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔