سٹی42: ضلع جہلم ویلی کے علاقے ہٹیاں بالا میں طویل خشک سالی کے بعد آج تیسرے روز بھی شدید بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث وادی لیپہ کا زمینی راستہ ضلعی ہیڈ کوارٹر جہلم ویلی،ہٹیاں بالا سے منقطع ہو کر رہ گیا ۔
ایس ڈی او شاہرات ڈویژن ہٹیاں بالا کے مطابق لیپہ ریشیاں روڈ کھولنے کے لیے مشینری کو اندھیرے کے باعث کام سے روک دیا گیا ہے۔ ریشیاں کے قریب مسافر بس شدید برف باری کے باعث پھنس گئی،بس کے مسافر وں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی کا کہنا ہے کہ لیپہ ریشیاں ،چکار سدھن گلی روڈ پر سفر سے اجتناب کیا جائے۔
ایس ڈی او شاہرات ڈویژن جہلم ویلی نے بتایا کہ جہلم ویلی کے بالائی علاقوں وادی لیپہ،داؤکھن،ریشیاں،لمنیاں،کائی ناڑ پانڈو، کھلانہ،سینادامن ،بنی حافظ، بنی لنگڑیال،سدھن گلی،چکار میں رات سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔داؤکھن ٹاپ پر تین فٹ تک برف پڑھ چکی ہے تو کوئی بھی گاڑی روڈ پر نہ لائی جائے تو بہتر ہے۔ پانڈو، کھلانہ،بنی حافظ، سینا دامن ، سدھن گلی جانے والی رابطہ سڑکیں بھی برف باری سے بند ہیں۔
جہلم ویلی کے میدانی علاقوں میں رات سے موسلادھار بارش کا سلسلہ مکمل جاری ہے جس سے سردی کی شدت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ برف باری اور بارش کے باعث بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا،جہلم ویلی کے سیکڑوں بالائی علاقوں میں بجلی بندش سے عوام مشکلات سے دوچار ہے۔
دوسری جانب برف اور بارش کے باعث ہٹیاں بالا،چناری،چکوٹھی اور گردونواح کے بازاروں میں ہو کا عالم لوگ گھروں میں بند ہو کر رہ گئے ہیں۔