ویب ڈیسک: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ حکومت میں آکر پہلے دن تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کروں گا، اشرافیہ کو تکلیف پہنچاؤں گا اور عوام کوریلیف دوں گا، 17 وزارتوں کوبند کرکے عوام کو ریلیف دیں گے، کچی آباد کوریگولرائز کرنا ہے اورمالکانہ حقوق دیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے مالاکنڈ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے نوجوانوں کوامید دلائی کہ وہ تبدیلی لائیں گے مگر بانی پی ٹی آئی نے جب حکومت بنائی تویوٹرن لیے، آج کے فیصلے پر میں جشن نہیں مناؤں گا بلکہ بانی پی ٹی آئی کوتوبہ کرنی چاہیے۔ آج کل کچھ لوگ لیول پلیئنگ فیلڈ کےلیے رو رہےہیں لیکن پیپلزپارٹی کوکسی الیکشن میں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ملی۔ ہم تمام مسائل کا مل کرمقابلہ کریں گے، کہتے تھے موسم خراب ہے اور دہشتگردی ہے، انتخابات ملتوی کیےجائیں، تمام پرانے سیاستدانوں کوکہنا چاہتا ہوں آپ ملکی معیشت کے ساتھ نہ کھیلیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بھٹوکی بیٹی کے خلاف جعلی کیسزبنائے گئے۔ آصف زرداری کا گلا اورزبان کاٹی گئی لیکن انہوں نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا۔ بانی پی ٹی آئی اور نوازشریف مکافات عمل اس دنیا میں دیکھیں گے۔
انہوں نے کہاکہ نوازشریف نے مکافات عمل کے طورپر اپنی بیٹی کے ساتھ انتقامی سیاست ہوتے ہوئے دیکھی، میاں صاحب چوتھی بار وزیراعظم بننا چاہتے ہیں وہ کرنا کیا چاہتے ہیں؟ عوام فیصلہ کریں ان کا وزیراعظم کون ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ شہدا کے خون کا سودا کرنے والا بانی پی ٹی آئی ہوتا کون ہے؟ بانی پی ٹی آئی کے فیصلوں کی وجہ سے دہشتگرد سر اٹھارہے ہیں، کبھی برداشت نہیں کروں گا کہ دہشتگرد دوبارہ ملک پرمسلط ہوں، ان کا سرکاٹ دوں گا۔ اختلاف رائے کو سیاسی دشمنی میں کیوں تبدیل کریں؟
چیئرمین پی پی نے مزید کہا کہ پی پی ہی وہ جماعت ہے جو شیر کا راستہ روک سکتی ہے اور اس کا شکار کرسکتی ہے لہٰذا عوام 8 فروری کو سوچ سمجھ کر ووٹ ڈالیں، آپ کو ہماری شکل پسند ہو یا نہ ہو، میدان میں ہم اور وہ کھڑے ہیں۔