(ویب ڈیسک) بانی پی ٹی آئی عمران خان نے الیکشن لڑنے کی اجازت کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے این اے 89 اور این اے 122 سے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کا فیصلہ چیلنج کیا گیا ،سپریم کورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی جانب سے اپیلیں دائر کر دی گئیں۔
دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ان کو سنائی گئی سزا کسی اخلاقی بنیاد پر نہیں دی گئی ، اس بنیاد پر انتخابات میں حصہ لینے کیلئے نااہل قرار دیا جانا غلط ہے،درخواست میں استدعا کی گئی کہ لاہور ہائی کورٹ کا 16 جنوری کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے اور درخواست گزار کے قومی اسمبلی کے حلقے 89 سے کاغذات نامزدگی منظور کئے جائیں۔
درخواست میں بانی پی ٹی آئی کی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دی جائے اور انتخابی نشان الاٹ کیا جائے۔
یاد رہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف کے لاہور اور میانوالی کے حلقوں سے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے گئے تھے۔