پٹرول کی قیمت میں مزید اضافے کا خدشہ

31 Jan, 2023 | 10:51 PM

Imran Fayyaz

(عبداللہ معروف)پٹرول مہنگا ہوتے ہی نایاب بھی ہو گیا ،پٹرول کی قیمت میں مزید اضافے کے خدشہ ،شہر کے متعدد پٹرول پمپس پر سپلائی معطل ہے۔

پٹرول مہنگا ہوتے ہی نایاب بھی ہو گیا ،پٹرول کی قیمت میں مزید اضافے کے خدشے کے باعث پٹرول کی فروخت روک دی گئی ۔شہر کے متعدد پٹرول پمپس پر سپلائی معطل  ہے،پٹرول کی سپلائی معطل ہونے سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے ،پٹرول حاصل کرنے کے لیے شہری پمس کے چکر لگانے پر مجبور ہیں۔


 واضح رہے کہ دو روز قبل وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یکدم بڑا اضافہ کر دیا تھا ،وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار  نے پریس کانفرنس کرتے ہوئےکہا تھا کہ  پیٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت کی خبریں سامنے آئیں اور عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تقریباً 11 فیصد تک کا اضافہ ہوا، ہمیں ان سب چیزوں کو سامنے رکھنا پڑے گا، جس کی وجہ سے پیٹرول اور ڈیز ل کی قیمتوں میں 35 روپے اور مٹی کے تیل، لائٹ ڈیز ل کی قیمت میں 18روپے فی لیٹر اضافہ  کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا تھا  کہ پیٹرول کی قیمت میں 50 روپے فی لیٹر تک اضافے کی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں، پچھلے 4 ماہ میں ایک بار بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت کو نہیں بڑھایا گیا، اوگرا کی جانب سے تجویز پیش کی گئی کہ پیٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت کو ختم کرنے کے لیے قیمتوں میں اضافہ کیا جائے۔

اب پٹرول مہنگا ہونے کے باوجود شہریوں کو پٹرول نہیں مل رہا اور متعدد پٹرول پمپس پر سپلائی بند ہونے کے باعث شہری خوار ہو رہے ہیں جبکہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پٹرول مزید مہنگا ہو گا۔

مزیدخبریں