ویب ڈیسک: وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پولیس لائنز پشاور کی مسجد میں دھماکے کی شدید مذمت کی اورجانی نقصان پردلی دکھ اور افسوس کا اظہارکیا.
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا دوسرا اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیر اعلیٰ محسن نقوی،صوبائی وزرا اور اعلیٰ حکام نے شہداکیلئے خصوصی دعا کی ،اجلاس میں شہدا کے درجات کی بلندی، لواحقین کیلئے صبر جمیل اورزخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی گئی ۔پنجاب کابینہ نے شہدا کے لواحقین اورخیبر پختونخواکے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہارکیا۔
پنجاب کی نگران کابینہ نے نئے لا ءآفیسرزکی تعیناتی کی باضابطہ توثیق کردی،عدالتی فیصلے کے مطابق پرانے لا آفیسرز بھی عہدوں پر برقرار رہیں گے،پرانے لاءآفیسرز کسی بھی کیس میں حکومت کی نمائندگی نہیں کرسکیں گے۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے صوبے میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے سکیورٹی مزید سخت کرنے کاحکم دیدیا، محسن نقویٰ نے کہاکہ پولیس حکام امن عامہ کی فضا قائم رکھنے کیلئے تمام تر اقدامات کریں، صوبہ بھر میں داخلی اورخارجی راستوں کی سخت نگرانی کی جائے۔
پنجاب کابینہ کو کارپوریٹ فارمنگ پالیسی کے بارے میں بریفنگ دی گئی،نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کارپوریٹ فارمنگ پالیسی کو کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی،نگران صوبائی وزرائ،چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔