کورونا اومی کرون کے بڑھتے ہوئے کیسز پر ایف بی آر نےایس او پیز پر عملدرامد ،دفاتر میں ماسک کی پابندی اور سائلین و کنسلٹنٹس کی آمدورفت بالکل محدود کرنے کے احکامات جاری کردیئے، پچپن سال سے زائد العمر ملازمین اور خواتین کو گھر سے کام کرنے کی اجازت دے دی گئی۔
کورونا اومی کرون کے کیسز میں مسلسل اضافے کے پیش نظر ایف بی آر نےایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کے احکامات جاری کردیئے ہیں، ایف بی آر نے ریجنل ٹیکس دفاتر کے تمام افسروں و اہلکاروں کو دفاتر میں ماسک کی پابندی کرنے کی ہدایت جاری کردی۔ ایف بی آر نے ٹیکس دفاتر میں سائلین،کنسلٹنٹس کی آمدورفت بالکل محدود کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔
مہمانوں کو مجاز اتھارٹی کو تحریری درخواست دینے کی صورت میں ٹیکس دفاتر میں داخلے کی اجازت دینے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ ایف بی آر نے ہدایت کی ہے کہ ملازمین دوران ڈیوٹی ہاتھ ملانے،بغل گیر ہونے سے گریز جبکہ سماجی فاصلہ برقرار رکھیں ،55سال سے زائد العمر ملازمین اور خواتین کو گھر سے کام جاری رکھنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
ٹیکس دفاتر میں لفٹ کا استعمال کم سے کم کرنے ،بخار یا نزلہ زکام میں مبتلا افسران واہلکاروں کو چھٹی پر بھیجنے لیکن فون پر رابطے میں رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ ایف بی آر نے ہدایت کی ہے کہ سانس لینے میں دشواری محسوس کرنے والے ایف بی آر کے افسران و اہلکار فورا کرونا ٹیسٹ کروائیں،کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر ملازمین کا چودہ دن قرنطینہ میں رہنا لازمی ہے۔